امریکی ریاستوں میں ڈیموکریٹس کی کامیابی، اہم قانونی اور امیگریشن پالیسیوں میں تبدیلی کا امکان

امریکی وسط مدتی انتخابات میں اہم ریاستوں میں ڈیموکریٹس کے اٹارنی جنرل منتخب ہونے سے ملک کے قانونی اور سیاسی منظرنامے میں بڑی تبدیلی متوقع ہے۔

دی نیوز انٹرنیشنل کی ایک رپورٹ کے مطابق 3 نومبر کے انتخابات میں ٹیکساس، اوہائیو اور جارجیا سمیت اہم ریاستوں میں ری پبلکن امیدواروں کو شکست ہوئی جس کے نتیجے میں جارجیا، آئیووا، اوہائیو، کنساس اور ٹیکساس کے اٹارنی جنرل کے دفاتر ڈیموکریٹس کے پاس چلے جائیں گے۔

اس کامیابی کے بعد ڈیموکریٹس کی اٹارنی جنرل کے عہدوں پر تعداد بڑھ کر 29 ہوگئی ہے جس سے انہیں قدامت پسند پالیسیوں کے خلاف قانونی محاذ پر زیادہ مؤثر کردار ادا کرنے کا موقع ملے گا۔

نئے منتخب ڈیموکریٹ اٹارنی جنرل وفاقی حکومت کی بعض پالیسیوں، ماحولیاتی قوانین میں تبدیلیوں اور اسلحے سے متعلق پابندیوں کے خلاف مشترکہ قانونی کارروائیاں کر سکتے ہیں۔

اس تبدیلی سے ری پبلکن ریاستوں کے درمیان پہلے سے موجود قانونی اتحاد بھی متاثر ہونے کا امکان ہے کیونکہ نئی قیادت سابقہ قانونی مقدمات اور قدامت پسند پالیسیوں کی حمایت پر نظرِثانی کرے گی۔

رپورٹ کے مطابق امیگریشن کے معاملے پر بھی پالیسی میں تبدیلی متوقع ہے، ڈیموکریٹ اٹارنی جنرل وفاقی امیگریشن کارروائیوں میں ریاستی تعاون محدود یا ختم کرسکتے ہیں، مقامی حکومتوں کو قانونی رہنمائی فراہم کرسکتے ہیں اور ملک بدری یا حراست سے متعلق وفاقی اقدامات کو عدالتوں میں چیلنج کر سکتے ہیں۔

امریکی عوام میں اسرائیل کیلئے شدید ناپسندیدگی پائی جاتی ہے: ڈونلڈ ٹرمپ

اس کے علاوہ اسقاطِ حمل اور تولیدی صحت کے حقوق کا تحفظ بھی ان کی ترجیحات میں شامل ہوگا، اس سلسلے میں اسقاطِ حمل کی ادویات کی فراہمی، علاج معالجے تک رسائی اور دیگر ریاستوں کی جانب سے عائد پابندیوں کے خلاف قانونی کارروائیاں متوقع ہیں۔

معاشی معاملات میں بھی نئے اٹارنی جنرل صارفین کے حقوق کے تحفظ پر توجہ دیں گے، اس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ناجائز اضافے، بجلی کے بلوں، مکانات کے کرایوں اور کمپنیوں کے گمراہ کن کاروباری طریقوں کے خلاف کارروائیاں شامل ہیں۔

دی نیوز کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مصنوعی ذہانت کے غلط استعمال، الگورتھم کے ذریعے قیمتوں کے تعین، صارفین کے ذاتی ڈیٹا کے حصول اور بچوں کی آن لائن حفاظت سے متعلق سخت قوانین متعارف کروانے کی کوششیں بھی متوقع ہیں۔

یوں ڈیموکریٹس کی حالیہ انتخابی کامیابی سے امریکا میں وفاقی پالیسیوں، امیگریشن، تولیدی صحت، صارفین کے حقوق اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں قانونی کشمکش کا نیا مرحلہ شروع ہوسکتا ہے۔