جیفری ایپسٹین کے امریکی اور اسرائیلی انٹیلی جنس سے روابط تھے: جے ڈی وینس

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے دعویٰ کیا ہے کہ بدنامِ زمانہ اور سزا یافتہ جنسی مجرم جیفری ایپسٹین کے امریکی اور اسرائیلی انٹیلی جنس کے اعلیٰ عہدیداروں سے روابط تھے۔

امریکی نائب صدر نے ایک پوڈکاسٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایپسٹین فائلز جاری کرنے کے معاملے کو ٹرمپ انتظامیہ نے درست انداز میں نہیں سنبھالا۔

انٹرویو کے دوران جب جیفری ایپسٹین کے موساد سے مبینہ تعلقات سے متعلق زیرِ گردش دعوؤں پر سوال کیا گیا تو جے ڈی وینس نے کہا کہ یہ واضح ہے کہ اس کے امریکی انٹیلی جنس کے اعلیٰ ترین حلقوں سے روابط تھے اور اسی طرح اسرائیلی انٹیلی جنس کے اعلیٰ سطح کے حلقوں سے بھی اس کے تعلقات تھے۔

ایپسٹین فائلز میں این ہیتھاوے سے متعلق وائرل دعویٰ غلط ثابت

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایپسٹین بظاہر اسرائیلی ڈیپ اسٹیٹ کے ان عناصر سے منسلک تھا جو بائیں بازو کی سوچ رکھتے تھے، مجھے یہ بات ہمیشہ دلچسپ لگی۔

انٹرویو کے دوران جے ڈی وینس نے یہ بھی تسلیم کیا کہ ایپسٹین فائلز کے معاملے میں ہماری کمیونیکیشن واقعی خراب رہی، اس میں کوئی شک نہیں لیکن میرا نہیں خیال کہ ہم نے یہ سب کچھ کسی حقیقت کو چھپانے کے لیے کیا، میں ایسا نہیں سمجھتا۔