بلاول بھٹو نے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو جوابی خط لکھ دیا

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو جوابی خط لکھ دیا، جس میں انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں جانوں کا ضیاع قومی سانحہ ہے، ہر کشمیری کی جان قیمتی ہے۔

اپنے خط میں بلاول بھٹو نے کہا کہ پُرامن شہریوں کو دہشتگرد یا غیر ملکی ایجنٹ قرار نہیں دینا چاہیے، سیاسی، معاشی اور آئینی حقوق کیلئے پرامن احتجاج عوام کا حق ہے، مظاہرین اور قانون نافذ کرنے والوں کے خلاف الزامات کی غیر جانبدار تحقیقات ہوں، موجودہ محاذ آرائی طاقت یا اشتعال انگیز الزامات سے حل نہیں ہوسکتی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تحریری معاہدوں کو عملدرآمد کے تنازع کی نذر نہیں ہونا چاہیے، حالیہ واقعات پر متضاد مؤقف، الزامات سے نہیں حقائق سے فیصلہ ہو، سچائی اور مفاہمتی کمیشن کے قیام کی تجویز پیش کرتا ہوں، کمیشن تمام فریقوں کے مؤقف، شکایات اور حقائق کا جائزہ لے، کمیشن سیاسی، قانونی اور انتظامی معاملات پر سفارشات مرتب کرے۔