کراچی: ملزم کے اکاؤنٹ سے رقم منتقلی، برطرف اہلکار و دیگر ملزمان کی درخواستِ ضمانت مسترد

یڈیشنل سیشن جج جنوبی کراچی نے زیرِ حراست ملزم کے اکاؤنٹ سے رقم منتقلی کے کیس میں ایس آئی یو کے برطرف اہلکار اور دیگر ملزمان کی درخواستِ ضمانت مسترد کر دی۔

ایڈیشنل سیشن جج جنوبی کراچی ارشاد حسین کی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی۔

سماعت کے دوران پراسیکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ میں تعینات سب انسپکٹر اویس اور دیگر ملزمان نے ملزم نعمان فاروق کی حراست کے دوران بینک اکاؤنٹ سے 10 لاکھ روپے منتقل کیے۔

سی آئی اے سینٹر پر چھاپہ، ایس ایچ او ایس آئی یو و دیگر کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم

پراسیکیوشن نے بتایا کہ ملزم اویس نے زیرِ حراست ملزم کے اکاؤنٹ سے رقم اپنے کمپیوٹر آپریٹر قاسم حیدر کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کی اور پولیس پارٹی نے ملزم کے گھر چھاپے کے دوران نقد رقم، سونا اور دیگر قیمتی اشیاء بھی قبضے میں لیں۔

عدالت نے فیصلے میں کہا کہ بادی النظر میں ریکارڈ، بینک ٹرانزیکشنز اور تفتیشی مواد سے ملزمان کا جرم سے تعلق ظاہر ہوتا ہے اور اس مرحلے پر ملزمان کو ضمانت کا ریلیف نہیں دیا جا سکتا۔

عدالت نے بر طرف پولیس افسر اویس خان، افضل اور شاہزیب کی درخواستِ ضمانت مسترد کر دی۔