پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے ملک بھر کے نوجوان کھلاڑیوں کیلئے نیشنل ٹیلنٹ آئیڈینٹیفیکیشن اینڈ ویریفیکیشن سسٹم (NTIVS) کا آغاز کر دیا ہے، جو ایک ڈیجیٹل اور میرٹ پر مبنی پلیٹ فارم ہے۔ڈائریکٹر جنرل پی ایس بی یاسر پیرزادہ کا کہنا ہے کہ اس نظام کا مقصد باصلاحیت کھلاڑیوں کو شفاف اور منظم طریقے سے قومی سطح پر اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع فراہم کرنا ہے، ماضی میں کھلاڑیوں کو محدود مواقع اور ذاتی روابط پر انحصار کرنا پڑتا تھا، تاہم NTIVS اس خلا کو پُر کرنے کی کوشش ہے۔
یہ پروگرام 12 سے 25 سال کے پاکستانی شہریوں کے لیے کھلا ہے (سوائے کرکٹ کے) اور درخواستیں پی ایس بی کی ویب سائٹ پر اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں جمع کروائی جا سکتی ہیں۔ اس عمل میں کوئی فیس نہیں رکھی گئی اور درخواستیں پورا سال جمع کروائی جا سکتی ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل پی ایس بی نے کہا کہ درخواستوں کی ابتدائی جانچ آزاد ماہرین کے پینل کے ذریعے کی جائے گی، جس کے بعد شارٹ لسٹ امیدواروں کو متعلقہ نیشنل اسپورٹس فیڈریشنز کو بھیجا جائے گا جہاں مزید ٹرائلز اور تکنیکی جائزہ لیا جائے گا۔ حتمی سلیکشن کا اختیار متعلقہ فیڈریشنز کے پاس ہوگا جبکہ پی ایس بی عمل کی شفافیت کی نگرانی کرے گا۔
فزیکل ایویلیوایشن کیمپس اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، مظفرآباد، گلگت اور اسکردو میں منعقد کیے جائیں گے تاکہ ملک کے دور دراز علاقوں کے کھلاڑیوں کو بھی یکساں مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام ٹیلنٹ کی تلاش کو ایک شفاف، جامع اور میرٹ پر مبنی قومی نظام میں تبدیل کرنے کی جانب اہم قدم ہے، جس کا مقصد کسی بھی باصلاحیت کھلاڑی کو مواقع کی کمی کے باعث نظر انداز ہونے سے بچانا ہے



