امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو ایک بار پھر سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر تہران امریکی شرائط تسلیم کر لے تو آبنائے ہرمز کو تمام ممالک کے لیے کھول دیا جائے گا۔
اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی جانب سے شرائط مان لینے کی صورت میں جاری آپریشن ’ایپک فیوری‘ فوری طور پر ختم کر دیا جائے گا اور خطے میں کشیدگی کم ہو سکتی ہے، آبنائے ہرمز میں ایران سمیت تمام ممالک کو آزادانہ رسائی دی جائے گی۔
تاہم امریکی صدر نے خبردار کیا کہ اگر ایران نے معاہدہ قبول نہ کیا تو امریکی حملے مزید شدت اختیار کریں گے، انہوں نے ایران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک فیصلہ کن موقع ہے اور عالمی امن کے لیے تہران کو ذمہ دارانہ رویہ اپنانا ہوگا۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز عالمی سطح پر تیل کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم گزرگاہ ہے، جہاں کسی بھی کشیدگی کے اثرات براہ راست عالمی معیشت پر پڑتے ہیں۔



