پاکستان میں دہشتگردی اور بدامنی کے پیچھے بھارتی مکروہ کردار بے نقاب ہوگیا۔ بھارتی صحافیوں نے پاکستان میں دہشتگرد حملوں میں بھارت کے ملوث ہونے کا واضح اشارہ دے دیا ۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی خفیہ ایجنسی را سے جڑے بھارتی صحافی آدتیہ راج کول نے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ دہلی کے لال قلعہ دھماکے کے محض 24 گھنٹے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ میں خود کش دھماکا کس نے کرایا سب سمجھ سکتے ہیں۔پاکستان میں دہشتگردی کیلئے ہماری پہچان کچھ بھی ہو سکتی ہے۔بھارتی خفیہ ایجنسی را کا چہرہ افغانی، بھارتی، بنگلہ دیشی یا کسی مقامی بلوچ کا بھی ہو سکتا ہے۔
اس سے قبل بھارتی ریٹائرڈ کرنل راجیش پاور نےبھی پاکستان میں دہشتگردانہ کارروائیوں میں بھارت کے ملوث ہونے کااعتراف کیا تھا۔کرنل ریٹائرڈ راجیش پاور کے مطابق فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج پاکستان میں دہشت گرد حملوں کیلئے افغانستان کی سرزمین استعمال کر رہے ہیں ۔پاکستان کیخلاف دونوں دہشتگرد تنظیموں کو مالی امداد بھارت جبکہ ہتھیار اور انٹیلیجنس اسرائیل فراہم کر رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق پاکستان میں حملوں سے لے کر کینیڈا اور امریکہ میں سکھ رہنماؤں کے قتل تک، بھارت ایک دہشتگرد فیکٹری بن چکا ہے۔ پاکستان کی جانب سے بھی بارہا بھارت کی پاکستان میں دہشت گردی کے لیے سہولت کاری کے شواہد پیش کیے جا چکے ہیں۔بھارتی خفیہ ایجنسی را اپنی پراکسیز فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کو استعمال کر کے خودکش حملے کروا رہی ہے۔خطہ میں قیام امن کیلئے عالمی برادری بھارت کے سرحد پار دہشتگرد نیٹ ورکس اور پراکسی نیٹ ورکس کا نوٹس لے۔



