جنوبی کوریا: یادگار تصاویر بنانا پائلٹس کو مہنگا پڑ گیا، جنگی طیارے آپس میں ٹکرا گئے

جنوبی کوریا کی فضائیہ کے دو F-15K لڑاکا طیاروں کے 2021 میں پیش آنے والے تصادم کی تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ حادثہ پائلٹس کی جانب سے پرواز کے دوران یادگاری تصاویر اور ویڈیوز بنانے کی کوشش کے باعث پیش آیا۔

رپورٹ کے مطابق حادثے میں جانی نقصان نہیں ہوا، لیکن طیاروں کو شدید نقصان پہنچا اور مرمت پر تقریباً 880 ملین وون خرچ آیا۔

تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ معاون پائلٹ نے مرکزی طیارے کا بہتر زاویہ حاصل کرنے کے لیے اچانک رخ بدلا، اور اس دوران مرکزی پائلٹ نے بھی عملے کو ویڈیو بنانے کی ہدایت دی، جس سے دونوں طیارے خطرناک حد تک قریب آ گئے۔ آخرکار مرکزی پائلٹ نے فوری ردعمل کے ذریعے مزید نقصان سے بچایا۔

ابتدائی طور پر معاون پائلٹ پر مرمت کے اخراجات کا دعویٰ دائر کیا گیا، لیکن بعد میں یہ مؤقف سامنے آیا کہ مرکزی پائلٹ نے اس عمل کی “خاموش اجازت” دی تھی۔ رپورٹ میں معاون پائلٹ کے سابقہ ریکارڈ کو سراہا گیا، اور بتایا گیا کہ وہ اب فوج چھوڑ کر کمرشل ایئرلائن سے منسلک ہیں۔