اسلام آباد میں ایچ آئی وی کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایچ آئی وی کے مریضوں میں اضافہ کے باوجود پڑوسی شہر راولپنڈی کا محکمہ صحت صورتحال سے مکمل طور پر لاعلم نکلا ہے۔

محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق شہر میں ایچ آئی وی کے مریضوں کے مستند اعدادوشمار موجود نہیں ہیں۔ شہر کے بڑے سرکاری اسپتال میں قائم ایچ آئی وی سینٹر طویل عرصے سے غیر فعال ہے، جس کی وجہ سے مریض شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ محکمہ صحت نے ایچ آئی وی کے علاج اور دیکھ بھال کے لیے کوئی ڈاکٹر تعینات نہیں کیا اوربینظیر بھٹو اسپتال کے سینٹر میں بھی کوئی ڈاکٹر دستیاب نہیں ہے۔

اعدادوشمار جاری نہ ہونے کے حوالے سے بتایا گیا کہ ڈیش بورڈ میں تکنیکی خرابی کے باعث مریضوں کا ڈیٹا اپ لوڈ یا جاری نہیں کیا جا سکا۔

ہیلتھ ماہرین نے اس صورتحال پر تشویش ظاہر کی ہے اور کہا کہ ڈیٹا کی عدم موجودگی اور سینٹرز کے غیر فعال ہونے سے مرض کے پھیلاؤ کا خطرہ مزید بڑھ سکتا ہے۔