کراچی کے علاقے گلشنِ اقبال میں اندھی گولی کا نشانہ بن کر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رکن قومی اسمبلی اقبال محسود خان کی 19 سالہ بیٹی جاں بحق ہو گئیں۔
پولیس کے مطابق ماہ نور، جو میڈیکل کی طالبہ تھیں، ہفتے کی رات تقریباً 10 بجے گھر کی چھت پر موجود تھیں کہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی انہیں جا لگی۔ انہیں تشویشناک حالت میں نجی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ اتوار کی دوپہر دورانِ علاج دم توڑ گئیں۔
گلشنِ اقبال تھانے کے ایس ایچ او محمد سعود کے مطابق قانونی کارروائی مکمل کر لی گئی ہے، تاہم اہلِ خانہ تاحال مقدمہ درج کروانے میں ہچکچاہٹ کا شکار ہیں۔
ادھر قومی اسمبلی کے اسپیکرایاز صادق نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے تعزیت کی ہے۔



