چیئرمین سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر طارق رفیع نے کہا ہے کہ جامعہ کراچی پاکستان کی سب سے بڑی جامعات میں سے ایک ہے اور یہاں سے فارغ التحصیل طلبہ نے اندرون و بیرونِ ملک بہت نام پیدا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں لڑکیوں کے داخلوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، خاص طور پر میڈیکل کے شعبے میں، جس کی بڑی وجہ میرٹ پر داخلہ ہے۔
تاہم انہوں نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے والی 50 فیصد سے زائد لڑکیاں عملی زندگی میں خدمات انجام نہیں دیتیں، جو نہ صرف انفرادی بلکہ قومی نقصان بھی ہے۔
انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم کو عملی میدان میں استعمال کریں۔ وہ جمعرات کو یوم جامعہ کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
تقریب سے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود عراقی، آرٹسٹ کونسل کے صدر محمد احمد شاہ، یونی کیرینز کے سربراہ پروفیسر اعجاز احمد فاروقی، نیپا کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سید سیف الرحمٰن، انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کے صدر غفران عالم اور مشیر امور طلبہ ڈاکٹر نوشین رضا نے بھی خطاب کیا۔
اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن سلمان احمد، صوابی ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر شاہانہ عروج کاظمی اور دیگر بھی موجود تھے۔
قبل ازیں جمعرات کی صبح جامعہ کراچی کے مرکزی سلور جوبلی گیٹ پر نوواردان جامعہ کے 75ویں بیچ کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
یوم جامعہ کی تقریب کا آغاز حفاظ کرام کی تلاوت قرآن سے ہوا۔ جامعہ کراچی کے مرکزی دروازے پر داخلے سے قبل حفاظ کرام تلاوت قرآن کرتے ہوئے جامعہ کراچی میں داخل ہوئے اور وہاں پر موجود تمام نوواردان جامعہ اور دیگر افراد کے ہمراہ جلوس کی شکل میں انتظامی عمارت تک گئے۔



