پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ موڈ بھی اچھا ہے، فٹنس بھی اچھی ہے اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے تیار ہوں۔
پی سی بی پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ ہمارا کام قوم کو خوشیاں دینا ہے، امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کو فاتح دیکھنا چاہتا ہوں۔
شاہین آفریدی نے 50 ویں پی سی بی پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت مکمل فٹ ہوں اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے پوری طرح تیار ہوں، اچھے نتائج کا یقین ہے۔
شاہین آفریدی نے کہا کہ ہم بھی لوگوں کو یہ کہہ کہہ کر تھک گئے ہیں کہ ورلڈ کپ جیتیں گے لیکن انشاء اللّٰہ اس مرتبہ یہ کر کے دکھائیں گے۔
شاہین آفریدی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن سے اپنی گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گیری کرسٹن نے ان سے یہ زبردست بات کہی کہ آپ کی شرٹ کے پیچھے جو نام ہے اس کے لیے نہیں کھیلنا بلکہ شرٹ کے آگے سینے پر جو نام ہے اس کے لیے کھیلنا ہے، یہ نہ صرف موجودہ بلکہ آنے والے کرکٹرز کے لیے بھی بہت اہم پیغام ہے۔



