پاکستان کو ورلڈکپ جتوانا ہی میرا مقصد ہے، محمد عامر

راولپنڈی (آن لائن)ریٹائرمنٹ واپس لے کر پاکستان کرکٹ ٹیم میں شامل ہونے والے فاسٹ باولر محمد عامر کا کہنا ہے کہ کم بیک پر ایسا لگ رہا کہ جیسے یہ میری ڈیبیو سیریز ہے۔نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں قومی ٹیم کے اسکواڈ میں شامل محمد عامر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک سے کھیلنے کی بات ہی کچھ اور ہوتی ہے،جب سینے پر ستارہ سجتا ہے تو وہ مختلف احساس ہوتا ہے۔جس بھروسے کے ساتھ مجھے واپس لایا گیا ہے اس پر پورا اترنے کا پریشر ہے، مجھے جس گول کیلئے لایا گیا ہے وہ ورلڈ کپ ہے اور یہ سب سے اہم ہے۔اس کے علاہ محمد عامر کا کہنا تھا کہ میرا فٹنس لیول آج پہلے سے کافی بہتر ہے، میں آج خود کو 2019 سے زیادہ فٹ محسوس کرتا ہوں،جب تک آپ فٹ نہیں ہوتے آپ گراونڈ میں کچھ نہیں کرسکتے کیونکہ فٹنس کے بغیر اسکل کا کوئی فائدہ نہیں۔یاد رہے کہ محمد عامر نے دسمبر 2020 میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ تاہم 4 سال بعد گزشتہ ماہ انہوں نے ریٹائرمنٹ واپس لی جس کے بعد عامر کو نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے اسکواڈ کا حصہ بنایا گیاہے۔