لاہور(آن لائن) پاکستان سپر لیگ کے نشریاتی حقوق کی کامیابی کے ساتھ 6.3 بلین روپے میں نیلامی ہو گئی ہے جو پچھلے معاہدے سے 2 ارب روپے کا نمایاں اضافہ ہے، اس کے ساتھ ہی میڈیا رائٹس کے لحاظ سے پی ایس ایل تیسری قیمتی ترین ٹی ٹونٹی لیگ بن گئی۔ ان حقوق کے لیے مسابقتی بولی میں ایک نجی ٹی وی چینل نے تین دیگر دعویداروں پر فتح حاصل کی۔گزشتہ روز 7.358 بلین روپے کی ریزرو قیمت کے ساتھ مالیاتی بولیاں کھولی گئیں۔ ابتدائی بِڈنگ راونڈ کے دوران پچھلے رائٹس ہولڈر چینل نے 5.30 بلین روپے کی بولی تجویز کی تھی جبکہ سرکاری ٹی وی چینل اور باقی دو حریفوں نے بالترتیب 5.17 بلین روپے 4.40 بلین اور 4 بلین روپے کی بولی جمع کرائی تھی۔ تاہم بولی دہندگان میں سے کوئی بھی ریزرو قیمت سے مماثل نہیں ہوسکا جس کی وجہ سے بولی کے دوسرے دور کا آغاز ہوا۔پہلے راونڈ میں سب سے زیادہ بولی والے چینل نے دوسرے راونڈ میں اپنی پیشکش میں مزید ایک ارب روپے کا اضافہ کیا، جس سے اگلے دو سالوں کے لیے مجموعی طور پر 6.30 بلین روپے (29.52 ملین امریکی ڈالرز) کے نشریاتی حقوق حاصل ہوئے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ایس ایل فرنچائزز کے لیے 95 فیصد رقم کے ساتھ اس معاہدے کی منظوری دی ہے۔ اس کے نتیجے میں فرنچائزز کو سالانہ 3 بلین روپے سے زیادہ وصول کرنا پڑ رہا ہے۔اس کے علاوہ 1.85 بلین روپے میں الگ سے ڈیجیٹل حقوق حاصل کیے گئے۔ واضح رہے کہ پی سی بی نے خصوصی طور پر کمپنیوں کو ان کے اپنے اسپورٹس چینلز کی اجازت دی تھی یا بولی کے عمل میں حصہ لینے کے لیے کسی دوسرے چینل سے حقوق حاصل کیے تھے جس کے نتیجے میں چار چینلز حقوق کے لیے میدان میں اترے تھے۔ ریزرو قیمت پوری نہ ہونے کی صورت میں پی سی بی نے بولیوں پر دوبارہ غور کرنے یا پورے عمل کو ملتوی کرنے کا اختیار برقرار رکھا۔تاہم دوسرے راونڈ میں کافی بولی کے بعد اتفاق رائے حاصل کیا گیا۔ تقابلی طور پر پچھلے معاہدے کی ریزرو قیمت 3.7 بلین روپے تھی جس کے حقوق بالآخر دو سال کی مدت کے لیے 4.3 بلین روپے میں فروخت کیے گئے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اسی ادارے نے ایک بار پھر نشریاتی حقوق حاصل کر لیے ہیں۔ پی سی بی نے 6 ارب روپے کی بولی سے قبل پی ایس ایل کے میڈیا حقوق کی تشخیص کے لیے بین الاقوامی کمپنی ‘کولگن باور’ کی خدمات حاصل کیں۔پاکستان سپر لیگ میڈیا رائٹس کے لحاظ سے تیسری سب سے قیمتی ٹی ٹونٹی لیگ ہے جس کی میڈیا رائٹس دو سال کی مدت کے لیے 29.52 ملین امریکی ڈالرز میں فروخت کیے گئے، صرف آئی پی ایل اور ویمنز پریمیئر لیگ اس لحاظ سے پی ایس ایل سے آگے ہیں۔ پی ایس ایل نے ILT20 اور SA20 کو پیچھے چھوڑتے ہوئے جن کے میڈیا حقوق بالترتیب سالانہ 12ملین اور 10ملین امریکی ڈالرز ہیں۔
Load/Hide Comments



