پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلَوم کی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات

اسلام آباد (آن لائن)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے ملاقات کی ہے۔ملاقات میں پاکستان اور امریکہ کے تعلقات پر گفتگو کی گئی۔ امریکی سفارتخانہ کے قائم مقام ترجمان تھامس منٹگمری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کے وسیع تر سیاسی شراکت داروں کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کے تسلسل میں ریاستہائے متحدہ امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلَوم نے گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی، جس کا مقصد آزادانہ، منصفانہ اور شمولیت پر مبنی انتخابات کی اہمیت سمیت موجودہ سیاسی اْمورپر تبادلہ خیال کرنا تھا۔بلاول بھٹو زرداری اور ڈونلڈ بلوم کی ملاقات اسلام آباد میں زرداری ہاؤس میں ہوئی، فریقین نے امریکہ اور پاکستان کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کی اہمیت اور یو ایس پاکستان گرین الائنس فریم ورک میں پیشرفت کے موضوعات پر بھی گفتگو کی۔امریکی سفیر سے ملاقات میں فرحت اللہ بابر، ناصر شاہ اور مراد علی شاہ موجود تھے۔ملاقات میں پاکستان کے آئندہ عام انتخابات پر گفتگو کی گئی۔