سڈنی (آن لائن)آسٹریلیا نے سڈنی ٹیسٹ میں پاکستان کو 8 وکٹوں سے ہرا کر 3 میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کر دیا، ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 130 رنز کا ہدف دیا جو اس نے باآسانی 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، مارنس لابوشین نے 62 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، عامر جمال کو میچ اور پیٹ کمنز کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، ہفتہ کو سڈنی کرکٹ گراونڈ میں ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 68 رنز 7 کھلاڑی آوٹ پر دوبارہ شروع کی تو پوری ٹیم 115 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی، محمد رضوان 28، عامر جمال 18 اور حسن علی 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، آسٹریلیا کی طرف سے جوش ہیزل ووڈ نے چار اور نیتھن لائن نے تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا، پاکستان نے پہلی اننگز میں 14 رنز کی برتری کی بدولت آسٹریلیا کو جیت کے لیے 130 رنز کا ہدف دیا جو اس نے 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، آسٹریلیا کا آغاز اچھا نہ تھا اور عثمان خواجہ پہلے ہی اوور میں بغیر کوئی رن بنائے ساجد خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آوٹ ہو گئے، اس موقع پر ڈیوڈ وارنر اور مارنس لابوشین نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 119 رنز کی شراکت قائم کی، کیریئر کا آخری ٹیسٹ میچ کھیلنے والے مایہ ناز بیٹر ڈیوڈ وارنر 57 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ساجد خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آوٹ ہوئے، اس کے بعد مارنس لابوشین اور سٹیون سمتھ نے مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا اور اپنی ٹیم کو 8 وکٹوں سے کامیابی دلا دی، لابوشین نے 62 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ سٹیون سمتھ نے 5 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے دونوں وکٹیں ساجد خان نے حاصل کیں۔
Load/Hide Comments



