آئندہ انتخابات میں کامیاب ہو کر پیپلز پارٹی عوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو من و عن پورا کریگی، مرتضی وہاب

کراچی (آن لائن) مئیر کراچی مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں کامیاب ہو کر پیپلز پارٹی عوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو من و عن پورا کریگی۔ ہاری اور کسان کو تین سو یونٹ بجلی مفت فراہم کی جائیگی۔ سیلاب متاثرین کے لئے گھروں کی تعمیر کا منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچایا جائیگا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے انہوں نے کہا ہر سیاسی جماعت اپنا منشور دے رہی ہے۔ ستائیس دسمبر کو پیپلز پارٹی نے بھی اپنے منشور کا اعلان کیا۔ بلاول بھٹو نے دس نکاتی ایجنڈے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا سندھ کے مختلف اضلاع میں سیلاب متاثرین کے لئے گھر بن رہے ہیں۔ آئندہ حکومت بنائی تو اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائیگا۔ انہوں نے کہا بانی پی ٹی آئی نے اپنا کوئی وعدہ پورا نہیں کیا۔ انکے ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر کہاں گئے۔ پیپلز پارٹی کی قیادت وعدوں کو پورا کریگی۔ انہوں نے کہا پیپلز پارٹی گرین اکانومی کو فروغ دینے کے لئے پر عزم ہے۔ موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنج کو بلاول بھٹو نے عالمی سطح پر اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ ہاری اور کسان کو تین سو یونٹس بجلی مفت فراہم کریں گے۔ بیوروکر یسی اور قبضہ مافیا نے کسان کو پریشان کر رکھا ہے، ہم کسانوں کو ایسے مسائل سے نجات دلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اشرافیہ سے ملنیوالی سبسڈی سے غریبوں کے لئے سکول بن سکتے ہیں۔