لیونل میسی کی 6 جرسیاں 78 لاکھ ڈالرز میں نیلام

نیو یارک (آن لائن) فٹ بال کے لیجنڈ کھلاڑی لیونل میسی کی فیفا ورلڈ کپ 2022ء میں پہنی گئی 6 جرسیاں لاکھوں ڈالرز میں نیلام ہو گئیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ سال فیفا ورلڈ کپ کے فائنل سمیت دیگر میچز کے دوران ارجنٹائن کی نمائندگی کرتے ہوئے زیب تن کی گئیں لیونل میسی کی 6 جرسیاں رواں سال 14 دسمبر کو نیلامی کے لیے پیش کی گئیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق 36 سالہ میسی کی یہ جرسیاں نمائش کے بعد نیویارک میں ہونے والی نیلامی میں 78 لاکھ ڈالرز میں نیلام ہو گئیں۔ نیلامی کرنے والی کمپنی کے مطابق اسٹار فٹبالر کی جرسیوں کی نیلامی رواں سال ہونے والی کھیلوں کی یادگاری چیزوں کی مہنگی ترین نیلامیوں میں سے ایک ہے۔نیلامی سے قبل خیال کیا جا رہا تھا کہ میسی کی ان جرسیوں کی نیلامی ایک کروڑ ڈالرز سے زائد میں ہو سکتی ہے جو کہ کھیل کی تاریخ میں اب تک کی سب سے قیمتی نیلامیوں میں سے ایک ہو گی لیکن ایسا ممکن نہ ہو سکا۔