اسلام آباد(آن لائن) نگران وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ نگران حکومت کا عہد ہے کہ ملک جس حالت میں ملا ہے اس سے بہتر حالت میں چھوڑ کر جائیں گے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باعث آج کافی لوگوں کے چہروں پر رونق ہے۔نجی یونیورسٹی میں سی پیک سے متعلق نمائش کے افتتاح کے موقع پر خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں نگران وزیر اطلاعات نے کہا کہ سی پیک پاکستان کی ترقی میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ پاکستان اور چین کے تعلقات ہر گذرتے دن کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہو رہے ہیں۔ نگران وزیراعظم بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ مرتضی سولنگی نے کہا کہ روڈ انفراسٹرکچر، گرین انیشیٹو، ٹیکنالوجی، ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز، سپیشل اکنامک زونز اور ایم ایل ون کے حوالے سے اچھی خبریں ملیں گی۔ سی پیک کی 10 سالہ تقریبات منائی جا رہی ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باعث آج کافی لوگوں کے چہروں پر رونق ہے،حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کا فائدہ عوام تک پہنچایا ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات عوام تک منتقل ہونے چاہئیں، نگران حکومت کا عہد ہے کہ ملک جس حالت میں ملا ہے اس سے بہتر حالت میں چھوڑ کر جائیں۔
Load/Hide Comments



