پاکستان اور اہل عرب کو فلسطین اور مسجد اقصی کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کرنا ہوگا: سراج الحق

لاہور (آن لائن)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ جمعہ کو یوم یکجہتی فلسطین کے تحت ملک گیر مظاہروں کا انعقاد ہوگا۔ قوم ثابت کرے گی کہ وہ اہل فلسطین کے ساتھ ہے۔ علماء اکرام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ مسئلہ فلسطین کے حالیہ تناظر میں عوام میں بیداری پیدا کریں۔ مساجد میں غزہ کے مظلوموں کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا جائے گا۔ عوام جماعت اسلامی کے تحت نکالے جانے مارچز میں شرکت یقینی بنائے۔ بچے، خواتین بھی پیچھے نہ رہیں، غزہ کی مائیں بہنیں اور معصوم بچے امت کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ اسلامی ممالک کے حکمران اور خصوصی طور پر پاکستان اور اہل عرب کو فلسطین اور مسجد اقصی کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کرنا ہوگا، فلسطینی عوام نے انہیں موقع فراہم کردیا، اسے ضائع نہیں کرنا چاہیے۔ یورپ کے کئی ممالک اور امریکا کھلم کھلا اسرائیلی جارحیت کی حمایت کررہا ہے، مسلمان حکمران بھی کھل کر آگے آئیں، فلسطین کی عوام اپنے حق کے لیے لڑ رہی ہے، بین الاقوامی قوانین کے تحت انہیں آزادی کے لیے جدوجہد کا حق حاصل ہے۔ اسرائیل نے غزہ کے 23لاکھ مسلمانوں کا محاصرہ کررکھا ہے، وہاں خوراک، پانی، بجلی تک کی فراہمی بند ہے، صیہونی اقدام کھلی جارحیت ہے، عالمی برادری اس پر آنکھیں بند رکھے گی تو پونے دوارب مسلمانوں میں اشتعال پیدا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ اشرفیہ کے دورے کے موقع پر مہتمم جامعہ مولانا فضل الرحیم اشرفی، علما اکرام اور منصورہ میں وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شیخ الحدیث مولانا عبدالمالک ان کے ہمراہ تھے۔ سراج الحق نے کہا کہ او آئی سی اور اقوام متحدہ فوری طور پر غزہ میں لاکھوں لوگوں کو خوراک، میڈیکل سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے۔ صیہونی فورسز سے اس کا محاصرہ ختم کرایا جائے، عالمی اداروں کو امدادی کارروائیوں کی اجازت دی جائے۔ اسلامی ممالک کے حکمران دلیرانہ مؤقف اختیار کریں، انھیں امت کے جذبات کی ترجمانی کرنا ہو گی۔ انھوں نے مزید کہا کہ عرب ممالک امریکا کی جانب دیکھنے کی بجائے واضح اور دوٹوک موقف اختیار کرتے تو فلسطین اور مسجد اقصیٰ یہودیوں کے تسلط سے آزاد ہوجاتی۔ انھوں نے کہا کہ مصدقہ اطلاعات کے مطابق حماس نے اسرائیل میں کارروائی کے دوران بچوں اور خواتین کو نشانہ نہیں بنایا۔ سالہاسال سے ظلم سہنے اور دنیا کی خاموشی دیکھنے کے بعد فلسطینیوں کو آزادی کے حصول کے لیے جدوجہد کا حق حاصل ہے۔امیر جماعت کی اپیل پر جمعہ کو لاہورمال روڑ پر فلسطین مارچ سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں بھی مظاہروں اور ریلیوں کا انعقاد ہوگا۔ وہ لاہور میں مارچ سے کلیدی خطاب کریں گے۔ جماعت اسلامی کے تحت اتوار کو کراچی میں فلسطین مارچ ہوگا جب کہ 17 اکتوبر کو اسلام آباد میں فلسطین ایشو پر قومی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جس میں شرکت کے لیے ملک بھر سے سیاسی و سماجی قائدین کو دعوت دی گئی ہے۔ امیر جماعت نے کہا کہ مسئلہ فلسطین پر پاکستانی حکومت کو وہی پالیسی اختیار کرنا ہوگی جو بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ نے وضع کی ہے، دوریاستی حل قوم کو تسلیم نہیں ہوگا۔ اسرائیل کا وجود ایک نام نہاد معاہدے اعلان بالفور کے تحت قائم ہوا، یہ ایک ناجائراور قابض ریاست ہے، اسے فلسطینی عوام نے کبھی قبول نہیں کیا، اورمزاحمت کی لازوال داستانیں رقم کیں.