لاہور (آن لائن) سابق وزیراعلیٰ پنجاب و مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف چودھری پرویزالٰہی سے معروف ہدایتکار فلم انڈسٹری پاکستان سید نور نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر کامران چیمہ، ہارون وڑائچ، سابق ارکان پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا اور سمیرا احمد بھی موجود تھیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ نوازشریف سپریم کورٹ کے خلاف 1997 والا کھیل کھیلنا چاہتے ہیں، وہ لندن میں بیٹھے سپریم کورٹ کے خلاف سازشوں کی ڈوریاں ہلا رہے ہیں لیکن آج وقت اور حالات بدل چکے ہیں اور قوم جاگ چکی ہے، قوم چیف جسٹس اور سپریم کورٹ کے خلاف سازشوں کا منہ توڑ جواب دے گی، انشاء اللہ سپریم کورٹ آئین کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 141 میں واضح طور پر لکھا ہے کہ پارلیمنٹ سپریم کورٹ کے خلاف قانون سازی نہیں کر سکتی، یہ منافقت اب نہیں چلے گی کہ فیصلہ پی ڈی ایم کے حق میں آئے تو سووموٹو حلال اور فیصلہ پی ڈی ایم کے خلاف آئے تو سووموٹو حرام، نوازشریف اور مریم چاہتے ہیں کہ بنچ چیف جسٹس کی مرضی کے بجائے ان کی مرضی سے بنیں لیکن انشاء اللہ یہ نہیں ہو گا، چیف جسٹس عمرعطا بندیال اور ان کے ساتھی حق پر کھڑے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا شہبازشریف نے دنیا کے بہترین زرعی صوبہ پنجاب کو ایتھوپیا بنا کے رکھ دیا ہے، آج جس طرح پنجاب میں لوگ آٹے کیلئے قطاروں میں مر رہے ہیں اس طرح کے دردناک مناظر صرف ایتھوپیا میں نظر آتے ہیں، 2002ء سے 2007ء کے درمیان میرے دور میں پنجاب کی ترقی اور خوشحالی کوعالمی اداروں نے ترقی پذیر ملکوں کیلئے رول ماڈل قرار دیا تھا لیکن آج شہبازشریف اور محسن نقوی پنجاب کیلئے کلنک کا ٹیکہ بن چکے ہیں۔
Load/Hide Comments



