مذاکرات سے انکاری نہیں مگر حکومت کی نیت میں خلل ہے، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد(آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود نے کہا ہے کہ مذاکرات سے نہ انکاری ہیں نہ کتراتے ہیں مگر حکومت کی نیت میں خلل ہے،الیکشن کے لیے وسائل نہیں ہیں، پی ایس ایل اور عمران کی پیشی پر تعیناتی کے لیے ہیں۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایک طرف مذاکرات دوسری طرف ہمارے بندے گرفتار کیے گئے، انتخابات کے لیے مل بیٹھ کر بات کر سکتے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ جو بہانہ بنایا جا رہا ہے وہ کمزور ہے، الیکشن کے لیے وسائل نہیں ہیں، پی ایس ایل اور عمران کی پیشی پر تعیناتی کے لیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اْمید ہے عدلیہ آئین کا تحفظ کرے گی، ہم اعلیٰ عدلیہ کے ساتھ ہیں، جنرل (ر) باجوہ نے انٹرویو کا انکار کیا ہے اس لیے کچھ نہیں کہہ سکتا۔شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ہمارے کارکنان کو پنجاب میں گرفتار کیا گیا، 2000 کے قریب بندوں کو گرفتار کیا گیا ہے، خوف کا بت ٹوٹ گیا ہے۔ میڈیا کی بندش سے حقائق دب نہیں سکتے ہیں، آئین واضح ہے کہ الیکشن کب ہوں گے۔ ملک میں سیاسی عدم استحکام ہے، سینیٹ میں اسحاق ڈار کے بیان سے ایک ہیجان پیدا ہو گیا ہے۔