عمران خان فاشسٹ،آئین شکن اسکا جمہوریت سے کوئی تعلق نہیں، خواجہ سعد رفیق

لاہور (آن لائن)وزیر ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے کہاہے کہ عمران خان فاشسٹ،آئین شکن ہے اسکا جمہوریت سے کوئی تعلق نہیں، حیران ہوں جنہوں نے اس کو لیڈر مانا ہوا ہے، یہ لیڈر نہیں گیدڑ ہے۔ہم نے عمران خان کو آئینی و قانونی طریقے سے ہٹا یا لیکن ہمارے منتخب وزیراعظم کو ایک سازش سے ہٹا گیا، اس بارہمارا پیچھے ہٹنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ہم ملک میں سزائیں بھگتنے اور جوتے کھانے کیلئے پیدا نہیں ہو ئے، پاکستان کو 2017والی پوزیشن پر لانا ہو گا۔ ریلوے ہیڈ کوارٹر لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر ریلوے و بازی نے کہا کہ یہ نہیں ہو سکتا کہ آپ کسی منتخب حکومت کو سازش کے ذریعے گرادیں،ایک منتخب وزیراعظم کو جھوٹے کیسز میں آپ جیل میں ڈال دیں، اسے بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر عہدے سے ہٹا دیا گیا، اسے چور ڈاکوبنادیا گیا، آج تک آپ اس بندے کے خلا ف کوئی ثبوت نہیں لاسکے، ثاقب نثار کیا کیا کہہ گئے، انہیں سسلین مافیا کہا گیا،جب انکو آئینی و قانونی طریقے سے نکا لا گیا تو یہ مظلوم بن کر عوام میں رونا دھونا شروع کر دیا ہے، یہ نیب کے اندر ریٹائرڈ سیشن جج لگا رہے تھے، صوبائی اسمبلی کوئی کھلونا نہیں،ایک آدمی نے حکم دیا، 2 وزرائے اعلیٰ زمین پر لیٹ گئے،عمران خان کے حکم پر دواسمبلیوں کو تحلیل کر دیا کسی نے پوچھا کیوں توڑیں، آج آپ انسانی حقوق کی بات کرتے ہیں اس بہروپیے نے آکر چلتے ہوئے ملک کا بیڑا غرق کردیا، جلسے اور ریلیوں سے عمران خان کے راستہ نہیں ملنا، میں نے آج تک کسی کو ہتھکٹری لگانے کی اجاز ت نہیں دی،ہتھکڑیاں انکو لگتی ہیں توکہتے ہیں پولیس والے قتل کردینگے، ماضی میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے غلطیاں کی ہیں،عمران خان عدالتوں کا سامنا کریں،اب آپ جو کہیں گے وہ اب نہیں ہو گا، ان لوگوں پر حیران ہوں جنہوں نے عمران خان کو لیڈر مانا ہوا ہے، یہ لیڈر نہیں گیدڑ ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرین لائنز کی طرح 2 اور ٹرینز کا آغازکر رہے ہیں، پاکستان ریلوے نے اگلے100دن کیلئے ایک پلان بنایا ہے، اس بار بھی عید پر اسپیشل ٹرین چلائیں گے، دوٹرینوں کے اضافے سے گرین لائنز پر بوجھ کم ہو گا، پشاور سے کراچی تک براستہ پنڈی نئی کارگوٹرین چلانے کا بھی ارادہ ہے جس سے ریونیو میں اضافہ ہو گا، ریلوے کی اراضی کو کمرشل سر گرمیوں کیلئے استعمال کریں گے، ریلوے اسٹیشنز اوردفاتر کو سول انرجی پر منتقل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، پاکستان نے مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں کمی کا فیصلہ کیا ہے، ریولے نے فریٹ کے کرایوں میں 10سے 15فیصد کمی کا فیصلہ کیا ہے،اداروں کو بچانے کیلئے ان کے ذرائع آمد ن میں اضافہ کر نا ہو گا، اس بار پاکستان ریلوے کے پاس وسائل بالکل نہیں ہیں، ملازمین کو تنخواہیں اور پنشن دینا بڑا مسئلہ بنا ہوا ہے،تقرریاں اور تبادلے میں کوئی سفارش کلچر نہیں تما م تقرریاں اور تبادلے میرٹ پر ہو رہے ہیں، پی آئی اے کی بہتری کیلئے بھی کوشش کی جارہی ہے۔ 3ایرپورٹ جن میں کراچی، لاہور اور اسلام آباد ہیں ان کو آؤٹ سورس کر رہے ہیں، بجلی کی چوری کم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہے ہیں،پی آئی اے جہازوں کی تزہین و آرائش کی جارہی ہے، اتنا بڑا معاشی بحران ریلوے میں کبھی نہیں دیکھا،جلد پی آئی اے کی پروازیں یورپ اور بر طانیہ روانہ ہونا شروع ہو جائیں گی،ریلوے واحد ادارہ جو کماکر اپنے ملازمین کو تنخواہیں بھی دیتی ہیں پنشن بھی دیتی ہے جبکہ دیگر اداروں کو تنخواہیں وفاقی حکومت ٹیکس سے دیتی ہے۔