اسلام آباد(آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ عمران خان کے گرفتار ہونے کی صورت میں دوسری اور تیسری قیادت کا پلان تیار ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ عمران خان کی رہائشگاہ پر زہریلی گیس کے شیل پھینکے گئے، وارنٹ گرفتاری پر پتہ بنی گالا کا تھا اور یہ گرفتاری کیلیے لاہور پہنچ گئے۔انہوں نے کہا قانونی جنگ لڑتے رہیں گے، 25 مئی سے ظلم و بربریت کا نا ختم ہونے والا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے، ظلم و بربریت کا نظام رکنے کا نام نہیں لے رہا۔شبلی فراز کا کہنا تھا کہ عمران خان کی قیادت میں ملک کی جائیداد لوٹنے والوں سے حساب لیں گے، قوم کو اپنے روشن مستقبل کیلیے نکلنا ہوگا اور عمران خان کا ساتھ دینا ہوگا۔ایک سوال کے جواب میں شبلی فراز نے کہا کہ ہم نے عمران خان کی گرفتاری کی صورت میں دوسری اور تیسری قیادت کا پلان ترتیب دیا ہوا ہے، ایسی صورت میں ساری صورت حال آپ کے سامنے آجائے گی۔ شبلی فراز نے کہا اْچکے، لْٹیرے ہم پرمسلط کیے گئے ہیں، غریب کو دو وقت کا کھانا نہیں مل رہا، ان کا ایک ہی کام عمران کو گرفتار کرنا اور الیکشن سے فرار ہے۔ شبلی فراز نے کہا کہ عمران خان آپ کی جنگ لڑ رہا ہے، عوام اگر جدوجہد کا حصہ نہ بنے تو ملک کا کوئی مستقبل نہیں، عمران خان تو جلسے، جلوس ریلیاں نکال رہا ہے، ایک گیدڑ لندن بیٹھا ہے، ہم انشااللہ ثابت قدم رہیں گے۔رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ زہریلی خاتون کا نام لینا بھی گوارہ نہیں کرتا، کیا ہم ان لوگوں کے غلام ہیں، یہ فرسودہ نظام ہے جو اشرافیہ کو مراعات دیتا ہے، اب ایسا نظام نہیں چلے گا۔
Load/Hide Comments



