کراچی(آن لائن) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا ہے کہ ایم پی اے ارسلان تاج کو انکے گھر سے اغوا کیا گیا۔ ایک ایم پی اے کو گرفتار کرنے سے پہلے اسپیکر سے اجازت لینی ہوتی ہے۔ نہ ان پر کوئی کیس بنا نہ کوئی ایف آئی آر ہوئی، صبح صبح گھر میں گھس کر ارسلان کو اٹھا لیا گیا۔ ہمارے سارے عہدیداران اور چیئرمین عمران خان نے اسکی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ آج پورا پاکستان عمران خان کے ساتھ ایک طرف کھڑا ہے اور دوسری طرف یہ امپورٹڈ حکومت اور اسکے سہولت کار ہیں۔ نگران حکومت کو نیوٹرل ہونا چاہیے لیکن ان کے کسی عمل سے ظاہر نہیں ہوتا کہ یہ نیوٹرل ہیں۔ وہ کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان، آفتاب صدیقی، بلال غفار، فہیم خان، اسلم خان، شہزاد قریشی، سعید آفریدی، جمال صدیقی، عباس جعفری اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ علی زیدی نے مزید کہا کہ مریم نواز اس ملک کے خون کی پیاسی ہے۔ پاکستان کے اداروں اور عدلیہ سے سوال کرتا ہوں کہ جو مریم جو الفاظ استعمال کررہی ہے اس پر کیوں ایکشن نہیں لیا جاتا۔ وہ کہتی ہے میرے پاس ججز اور جرنیلوں کی وڈیو ہیں۔ مریم پورے پاکستان میں خون چوسنے کے لیے گھوم رہی ہے۔ کوئی اسکے خلاف کاروائی نہیں کرتا۔ ہم میں بہت سے لوگ دہشتگردی کے مقدمات بھگت رہے ہیں۔ یہ اس ملک کو وہاں لے گیے ہیں کہ کہیں کھائی میں نہ گر جائے۔ انہوں نے معیشت کا بیڑا غرق کردیا ہے۔ کیا عمران خان پر کیسز بنانے سے معیشت ٹھیک ہوجائے گی؟ سپریم کورٹ نے احکامات دیے کہ الیکشن کروائیں۔ سپریم کورٹ کے احکامات ماننا ہر ادارے پر فرض ہے۔ الیکشن کمیشن کہتا ہے ہم تیار نہیں ہیں۔ انکا صرف ایک کام ہے کہ الیکشن وقت پر کروائیں۔ انہیں ہر وقت تیار رہنا ہوتا ہے۔ علی زیدی نے مزید کہا کہ محسن نقوی نے اپنے نام کی لاج نہیں رکھی۔ آصف زرداری کہتا ہے کہ محسن نقوی منہ بولا بیٹا ہے۔ زرداری پاکستان کا سب سے بڑا ڈاکو اور کرمنل ہے۔ مرتضیٰ بھٹو کے بچوں سے پوچھیں کہ انکے والد کو کس نے قتل کروایا تھا۔ اب وقت اور دنیا بدل گئی ہے۔ پاکستان کو ایسا لیڈر مل گیا ہے جو ان سے نہیں ڈرتا۔ آج جو ریلی ملتوی کی ہے کیونکہ ہم خون خرابہ نہیں چاہتے۔ انہیں اس بات کا علم ہے کہ الیکشن ہوئے تو انہیں منہ کی کھانی پڑے گی۔ یہ ریاستی دہشتگردی کررہے ہیں۔ سندھ میں بھی انکا برا حال ہوگا۔ ارسلان جیسے نوجوان نسل نے پاکستان بدلنا ہے۔ اگر ارسلان جیسے لوگ گرفتار ہونگے تو کون شریف آدمی سیاست میں آئے گا؟ انہوں نے مزید کہا کہ اندرون سندھ میں میڈیا کا گلا گھونٹا جاتا ہے۔ یہ پورے ملک میں واحد صوبہ ہے جہاں لوگ بھوک سے مر رہے ہیں۔ یہاں لوگ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔ یہاں ایڈز پھیل رہی ہے۔ اس موقع پر صدر پی ٹی آئی کراچی آفتاب صدیقی کا کہنا تھا کہ ارسلان تاج کے اغواء کی مذمت کرتے ہیں۔ ملک میں اغواء کی روایت بڑھتی جارہی ہے۔ ارسلان کے گھر کے دروازے پھلانگ کر ان کے گھر داخل ہوئے۔ کراچی کے تمام تھانوں میں ہم نے معلومات کی۔ ارسلان کہیں موجود نہیں ہے۔ ارسلان نے کچھ کیا بھی ہے تو اسے سامنے لایا جاتا۔ ہم نے سب کو خط بھیجے مگر کہیں سے ارسلان کا پتہ نہیں چلا۔
Load/Hide Comments



