عمران خان کو گرفتار کرنے سے گھبرا نہیں رہے،خود کو پولیس کے حوالے کرنا چاہیے تھا،اعظم نذیر تارڑ

اسلام آباد (آن لائن)وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ اعلی عدالتیں ترازو کے پلڑے برابر کریں، ججز کو سوشل میڈیا کے دبا ؤ سے بالاتر ہو کہ سوچنا چاہیے،ہم عمران خان کو گرفتار کرنے سے گھبرا نہیں رہے، خود کو پولیس کے حوالے کرنا چاہیے تھا۔ گزشتہ روز یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ عدالت کسی کو بلائے تو اسے پیش ہونا چاہیے، اسلام آباد پولیس عمران خان کو لینے گئی لیکن طاقت کا استعمال نہیں کیا، عمران خان کو خود کو پولیس کے حوالے کرنا چاہیے تھا۔اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ہم عمران خان کو گرفتار کرنے سے گھبرا نہیں رہے اور ان کی گرفتاری کو دانستہ روک نہیں رہے، شہباز شریف نے کہا ہے کہ پہلے انکوائری ہو پھر گرفتاری ہو۔ان کا کہنا تھا کہ اعلی عدالتیں ترازو کے پلڑے برابر کریں، اگر نظام چلانا ہے تو تمام اداروں کو اپنے اپنے کام کرنے ہوں گے، ججز کو سوشل میڈیا کے دبا ؤ سے بالاتر ہو کہ سوچنا چاہیے۔وزیر قانون نے مزید کہا کہ یہ ملک چلے گا تو عمران خان کی سیاست چلے گی، لوگوں کو چور کہنے سے آپ کا دامن صاف نہیں ہو سکتا، سیاست دان بیٹھ کہ بات کریں ملک سنگین معاشی حالات سے گزر رہا ہے۔