معاشی بحران کی صورت حال میں بھی وفاقی حکومت اعلی تعلیم حاصل کرنے والے نوجوانوں کی تعلیمی سرگرمیوں میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں آنے دے گی،احسن اقبال

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی نے ہفتہ کے روز ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) حکام کے ہمراہ اعلی سطحی اجلاس کی قیادت کی۔ وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں وفاقی حکومت کی جانب سے نوجوانوں اور اعلی تعلیم کے لئے اٹھائے گئیے متعدد اہم اقدامات پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے ایچ ای سی حکام کو بنا کسی تعطل کے جاری منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت کی۔ پاک امریکہ ‘نالج کاریڈور’ منصوبے کے تحت اعلی تعلیم حاصل کرنے والے سکالرز کے مالی مسائل کے تدارک کے لئے احسن اقبال نے ایچ ای سی کو تمام ذمہ داران کے ساتھ مشاورت کی ہدایت کی تاکہ ان کے ذمے واجب الادا رقوم کو جلد از جلد ادا کیا جا سکے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ اس معاشی بحران کی صورت حال میں بھی وفاقی حکومت اعلی تعلیم حاصل کرنے والے نوجوانوں کی تعلیمی سرگرمیوں میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں آنے دے گی۔ پاک امریکہ ‘نالج کاریڈور’ پروگرام کے تحت دس سالوں میں دس ہزار پاکستانی نوجوان مختلف امریکی جامعات میں اپنی اعلی تعلیم کی تکمیل کے لئیے جائیں گے۔