کراچی (آن لائن)صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عمران خان کو کسی اور سے نہیں سننے میں آیا ہے کہ شاہ محمود قریشی سے خطرہ ہے، عمران خان کو شاہ محمود قریشی پر نظر رکھنی چاہیے۔ یہ بات انہوں نے بی آر ٹی ریڈ لائن پروجیکٹ کے دورے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نیکہا کہ پی ٹی آئی والے بتائیں کہ کراچی میں اپنے چار سالہ دور میں کونسا اچھا کام کیا۔ عمران خان بطور وزیر اعظم ایک رات بھی سندھ میں نہیں سویا، انہیں جادو ٹونے والوں نے منع کیا ہوا تھا کہ گھر کے علاوہ کہیں نہیں سونا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں پی ٹی آئی کو بلدیاتی انتخابات میں بدترین شکست دی اور آئندہ بھی انہیں شکست دیتے رہیں گے، پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنی کارکردگی کی بنیاد پر بلدیاتی انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جیسی شکل ہے ویسی زبان ہے، پی ٹی آئی کا صرف ایک ایجنڈا ہے کہ لاشوں پر سیاست کی جائے، فیصل واڈا نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی لاشیں تلاش کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ لاہور میں جاں بحق ہونے والے پی ٹی آئی کے کارکن کی ہلاکت پر وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب نے پریس کانفرنس میں حقائق بتا کر عمران خان اور پی ٹی آئی کو ایکسپوز کردیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت جاگ رہی ہے اور گراؤنڈ پر موجود ہے، جب پی ٹی آئی والوں کے پاس کوئی کام نہیں ہوتا تو گالیاں دیتے ہیں، پی ٹی آئی اپنا کوئی ایک منصوبہ بتائے جو اس نے پورا کیا ہو۔ انہوں نے مزید کہاکہ عمران خان ناجائز طریقے سے اقتدار میں آئے،عمران خان احسان فراموش شخص ہے جنہوں نے ان کو اقتدار کی کرسی پر بٹھایا اسی کے خلاف سازشیں شروع کر دی ہیں۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ عمران خان ملک کے خلاف سازشیں کر رہا ہے اور عمران خان سے یہ سارے کام ایک ملک کروا رہا ہے۔
Load/Hide Comments



