پاکستان 1961ء کے اپوسٹیل یا ہیگ کنونشن سے متفق، دستخط کنندہ ریاستوں میں شامل ہو گیا

اسلا م آباد (آن لائن)پاکستان 1961ء کے اپوسٹیل یا ہیگ کنونشن سے متفق، دستخط کنندہ ریاستوں میں شامل ہو گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس عمل سے غیر ملکی عوامی دستاویزات کی قانونی حیثیت کی ضرورت ختم ہو جائے گی، کنونشن عوامی دستاویز کے تصدیقی عمل کو انتہائی مختصر کر دیتا ہے،اب مجاز اتھارٹی متعلقہ دستاویز بارے “اپوسٹیل” نامی تصدیقی سند جاری کرے گی، اپوسٹل کی موجودگی میں عوامی دستاویزات بغیر تصدیق متعلقہ حکام کو پیش کیے جا سکیں گے۔ ترجمان کے مطابق پاکستان، دیگر ریاستیں کنونشن پر دستخط کے بعد باہمی طور پر اپوسٹیل اسناد لاگو کرنے کی پابند ہیں، پاکستان میں 9 مارچ 2023ء سے کنونشن کے دستخط کنندہ ممالک سے غیرملکی اپوسٹیل سند قابل قبول ہے، پاکستان میں دستخط کنندہ ریاستوں کی وزارت خارجہ یا بیرون ممالک پاکستانی مشن سے دستاویزات کی تصدیق ضروری نہیں ہے۔پاکستان سے بھی ‘اپاسٹیل سرٹیفکیٹس’ کے اجراء کا عمل چند ماہ میں شروع ہو جائے گا، ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان سے سند کے اجراء کے لیے ضروری قانون سازی، دیگر تقاضے مکمل کیے جائیں گے، وزارت خارجہ، کیمپ دفاتر اور بیرون ممالک پاکستانی مشنز معمول کا تصدیقی عمل جاری رکھیں گے۔