فتنہ و اشتعال انگیز ی کا الزام: فواد چوہدری اور شاہ محمود قریشی کے خلاف مقدمہ درج

لاہور (آن لائن)رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) شاہ محمود قریشی اور فواد چوہدری کے خلاف لاہور میں فتنہ انگیزی اور اشتعال انگیز تقریر کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔شاہ محمود قریشی اور فواد چوہدری کے خلاف مقدمہ محمد وسیم سب انسپکٹر کی مدعیت میں تھانہ ریس کورس لاہور میں درج کیا گیا ہے جس میں روڈ بلاک کرنے اور اشتعال انگیز تقاریر سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق شاہ محمود قریشی اور فواد چوہدری نے زمان پارک پریس کانفرنس کی جس کے رش کے باعث کینال روڈ بلاک ہوگئی تھی۔ایف آئی آر میں کہا گیا کہ فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کے دوران فتنہ انگیزی اور اشتعال انگیز تقریر کی، انہوں نے عوام کو حکومت پاکستان کے ریاستی اداروں کے خلاف اکسایا۔ مقدمے کے متن میں مزید کہا گیا کہ شاہ محمود قریشی اور فواد چوہدری نے پریس کانفرنس سے شارع عام پر آمدورفت میں خلل ڈال کر جرم کا ارتکاب کیا، دونوں رہنماوں نے ریاستی اداروں پر قتل کی منصوبہ بندی کا بھی الزام لگایا ہے۔