پی ٹی آئی کی تاریخی نا اہلی کی ملک کی تاریخ میں کوئی نظیر نہیں ملتی،شرجیل میمن

حیدرآباد(آن لائن) صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں سب سے بڑا چیلنج مہنگائی ہے نا کہ الیکشن اور پاکستان کو دیکھنا ہے کہ مہنگائی سے کس طرح نمٹا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی تاریخی نا اہلی کی ملک کی تاریخ میں کوئی نظیر نہیں ملتی، پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف سے بنا کسی پلان کے وعدے کئے اور ان سے مکر گئے یہاں ان کا یوٹرن کام نہیں آیا۔ وہ اپنی رہائش گاہ راول ہاؤس حیدرآباد میں پریس کانفرنس کر رہے تھے۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تین سال میں سیکریٹری فنانس اور اسٹیٹ بینک کے گورنر کو بار بار تبدیل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جب نئے ٹیکس لگانے تھے تو پی ٹی آئی حکومت نے نہیں لگائے کیونکہ انہیں نظر آرہا تھا وہ جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت جواب دہ ہے اور جتنابہتر چیزوں کو کرسکتے ہیں کررہے ہیں اور لوگوں کو ریلیف دے رہے ہیں جبکہ وزیر خوراک کو وزیر اعلی سندھ نے گندم کی خریداری جلدی کرانے کی ہدایت کی اور اس کے علاوہ ٹرانسپورٹ, ایگریکلچر سمیت تمام محکموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ لوگوں کو ریلیف پہنچائیں جبکہ چیف سیکریٹری اور تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی گئی ہے کہ پرائس کنٹرول کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان سوچی سمجھی سازش کے تحت ملک کو انتشار کی جانب دھکیل رہا ہے، اور اب یہ عیاں ہو چکا ہے کہ عمران خان کسی ایجنڈے پر کام کررہا ہے اورجس کیلئے بھارت اور اسرائیل سے عمران خان کو فنڈنگ ہونے کی کچھ عرصہ پہلے تصدیق ہوچکی ہے، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کو آئین پاکستان کے تحت نکالا گیا نا کہ عدالت, شرارت یا ملٹری ڈکٹیٹر کی وجہ سے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جھوٹا بیانیہ بیچنے کی کوشش کرتا ہے اور انہیں دشمن ممالک کی سپورٹ سے انتشار پھیلایا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا نعرہ تھا مجھے کیوں نہیں بچایا انہوں نے عدلیہ اور اہم اداروں کیخلاف سوشل میڈیا پر بدتمیزی کی اور آج جس ادارہ کو وہ تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں انہی کی وہ ٹیسٹ ٹیوب بے بی تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان ایک مرتبہ قرآن کی آیات پڑھ کر کہہ دو کہ کس طرح اقتدار میں آئے۔ انہوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ میں الیکشن کمیشن نے عمران خان کو سزا سنائی،یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ عمران خان 17 اکاونٹ ظاہر کرنا بھول گیا جس کے پیسوں کا کوئی رکارڈ نہیں اورجب ایف آئی اے نے کارروائی کی تو آپ نے اسٹے لے لیاجبکہ ہم نے کسی ایک کیس میں اسٹے کیلئے نہیں گئے اور اگر وہ اس بات کا جواب دے دیں تو میں اسے فرشتہ مان لونگا، انہوں نے فارن فنڈنگ، بی آر ٹی میں اسٹے لیا اور سات ارب روپے کے کک بیگس لیے گئے اور پشاور ہائی کورٹ نے نیب اور ایف آئی اے کو حکم دیا تو عمران خان ا سٹے لینے سپریم کورٹ چلے گئے اگر وہ دیانتدار اور ایماندار تھے تو انہوں نے اسٹے کیوں لیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو ہر اسکرپٹ امپورٹڈ ملتا ہے جو کچھ ممالک کے ناپاک عزائم کی عکاسی کرتا ہے انہوں نے کہا کہ7 ماہ میں ریاست مدینہ یا تبدیلی یا نیا پاکستان کا نام آپ نے سنااب نیا اسکرپٹ آگیا جو پاکستان کیخلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو مزید رعایت دینا یا لاڈلہ بنانا اچھا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری صاف او ر شفاف ہونی چاہیے جبکہ یہ وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ مردم شماری کے عمل کو اتنا صاف اور شفاف بنائے کہ کسی سیاسی پارٹی اور عوام کو اس پر خدشات نہیں ہونے چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب میں جن جن کی اموات ہوئی تھی سندھ حکومت کی جانب سے انہیں دس دس لاکھ دئیے جارہے ہیں جبکہ 22 لاکھ افراد کو سندھ حکومت گھر بنا کر دے رہی ہے اور حکومت ان کے ہاتھ میں پیسے دے رہی ہے کہ وہ خود گھر بنائیں انہوں نے کہا کہ گندم ہم نے 9 ہزار روپے ٹن درآمد کی ہے اور سندھ حکومت کوئی فائدہ نہیں لے رہی بلکہ اربوں روپے کی عوام کو رعایت دے رہی ہے۔