اسلام آباد(آن لائن) وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے شجرکاری مہم کا آغاز کردیا ہے،ملک بھر میں 24 کروڑ سے زائد درخت لگائے جا ئیں گے۔ اپنے ایک ٹویٹ میں وزیر موسمیاتی تبدیلی نے کہا کہ جنگلات کے رقبے میں اضافہ اور جنگلات کا تحفظ ہر شہری اور متعلقہ ادارے کا فرض ہے، ہم نے جنگلات میں آگ کے واقعات کی روک تھام کیلئے تمام صوبوں اور وفاقی علاقوں کو ایس او پیز بھیجے ہیں جن کا مقصد جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات کی روک تھام اور پیشگی اقدامات کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال گرم اور خشک موسم کی وجہ سے جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات پیش آتے ہیں، گزشتہ سال بلوچستان میں چلغوزے کے جنگلات کے علاوہ مارگلہ، سوات اور دیگر کئی مقامات میں آگ کے واقعات پیش آئے، جنگلات ہمارہ اثاثہ اور ماحولیاتی سرمایہ ہیں اسلئے آگکے واقعات کی روک تھام کیلئے یہ اقدامات ناگزیر ہیں، مارگلہ میں آگ کے واقعات کی روک تھام کیلئے کنٹرول روم اور ہیلپ لائین کو متحرک کرنے کا کہا گیا ہے، آگ کے واقعات میں ملوث مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
Load/Hide Comments



