مضحکہ خیز جیل بھرو تحریک ”ضمانت دو تحریک“ میں تبدیل ہو چکی،شیری رحمان

اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہاہے کہ مضحکہ خیز جیل بھرو تحریک ”ضمانت دو تحریک“ میں تبدیل ہو چکی، خیبر پختونخواہ کے لوگوں نے گرفتاری نا دیکر عمران خان کی ذاتی سیاست کو مکمل طور پر مسترد کردیا ہے،عوامی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر کا کہناتھا کہ عمران خان کی جیل بھرو تحریک سوشل میڈیا اور بیانات تک ہی محدود ہے، دعوی کیا گیا تھا ہر شہر سے 2 سو افراد گرفتاری دینگے، تین دن گزرنے کے باوجود پورے ملک سے 2 سو افراد نے بھی گرفتاری نہیں دی، صرف تین دن میں ہی مزحکہ خیز جیل بھرو تحریک “ضمانت دو تحریک” میں تبدیل ہو چکی ہے، انہوں نے کہا کہ فوٹو سیشن اور عمران خان کی خوشنودی کیلئے جن گنے چنے پی ٹی آئی رہنماؤں نے گرفتاری دی وہ اب ضمانت کی درخواستیں دے رہے،خیبر پختون خواہ میں ایک بھی شخص نے گرفتاری نہیں دی، آپ مسلسل من گھڑت اور جھوٹے بیانیے بنا کر لوگوں کو اپنے سیاسی مقاصد حاصل کرنے کیلئے استعمال نہیں کر سکتے، لوگ باشعور ہیں، وہ آپ کے بیانیوں اور یو ٹرن سے تنگ آ چکے ہیں، لوگوں کا آپ پر عدم اعتماد اس بات کی نشاندہی کرتا ہے وہ انتشار اور بدامنی نہیں بلکہ سیاسی استحکام چاہتے ہیں۔