عمران خود ضمانتوں میں چھپ رہا ہے اور کارکنوں سے کہتا ہے کہ جیل جاؤ،فیصل کریم کنڈی

اسلام آباد(آن لائن)وزیرمملکت برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ گیدڑ خود چھپ رہا ہے، چوہوں کو پنجرے میں بند ہونے کے لئے بھیج رہا ہے مگر ریلو کٹے اور پھٹیچر زیادہ دیر تک میدان میں ٹھہر نہیں سکتے، شاہ محمود قریشی عہدہ اور عزت بچانے کے لئے پھرتیاں دکھا رہا ہے۔ اس کے باوجود اب ان کے پاس کوئی عہدہ رہے گا نہ عزت۔ پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک پر ردعمل دیتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عمران خود ضمانتوں میں چھپ رہا ہے اور کارکنوں سے کہتا ہے کہ جیل جاؤ۔ شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور سواتی وعدہ کریں کہ کہ تین مہینوں تک ضمانت کے لئے درخواست نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اصول پسند ہوتے تو پہلی گرفتاری اپنے بیٹوں کی دیتے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ گرفتاری دینے والے اب ڈاکٹر رانا ثنااللہ خان کے رحم و کرم پر ہیں اب یہ ڈاکٹر رانا ثنااللہ کا اختیار ہے کہ وہ انہیں کس جیل میں رکھتے ہیں۔