عمران خان نے آئین اور قانون کا تماشہ بنا دیاہے،مریم اورنگزیب

اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے آئین اور قانون کا تماشہ بنا دیاہے، سوشل میڈیا پر عدالت پر دھاوا بولنے کی کال دی، جیل بھرو تحریک کا اعلان کرنے والا ضمانتیں کرواتا پھر رہا ہے،عمران خان جیسی سہولیات کسی اور کونہیں ملیں، اس جیسی سہولیات کیا ملک عام عوام کوبھی حاصل ہیں،نواز شریف جے آئی ٹی میں بھی پیش ہوئے اورعدالت میں بھی پیش ہوئے۔پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایک شخص جس کو خاتون جج بلائے تو وہ اسے دھمکیاں دیتا ہے ہائی کورٹ کے بار بار طلبی کے باوجود عدالت میں پیش نہیں ہوئے اس شخص نے آئین و قانون کا تماشہ بنایا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سوشل میڈیا پر عدالت پردھاوابولنے کی کال دی اور اب بیان دیتا ہے میں نے کسی کو نہیں بلایا آج جیل بھرو تحریک کااعلان کرنے والا ضمانتیں کرواتا پھر رہاہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان عوام کو عدالت پرحملے کیلئے اکسا رہا ہے عمران خان جیسی سہولیات کسی اور کو نہیں ملیں کیا اس جیسی سہولیات عام عوام کوبھی حاصل ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ جب نواز شریف کو عدالت میں بلایا جاتا تھا وہ پیش ہوتے تھے ہماری قیادت جے آئی ٹی میں بھی پیش ہوتی رہی اور عدالتوں میں بھی پیش ہوتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے کہا گیا عمران خان زمان پارک سے نہیں نکل سکتے جان کو خطرہ ہے اب کہتے ہیں گاڑی سے نہیں اتر سکتے یہاں گاڑی میں بھی ان کی حاضر ی لگوالیں ادھر کی عدالت لگا لیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جو پٹیشن دائر کی ہے اس پر ان کے دستخط ہی نہیں ہیں ایک شخص جعلی دستخط کے ساتھ عوام کو ہائی کورٹ پر حملے کیلئے اکسا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت لاہور ہائی کورٹ پر حملے کا ٹرینڈبنایاہوا ہے جو عدالت کے سامنے پیش نہیں ہوگا وہ ایف آئی اے کے سامنے پیش ہوگا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج لوگ دیکھ رہے ہیں انٹرنیشنل کمونٹی دیکھ رہی ہے کہ یہاں کوئی آئین اور قانون ہے کہ ایک مجرم کوبلایا جارہا ہے مگروہ غنڈہ گردی کررہا ہے لوگوں کو اکسا کرہائی کورٹ پرحملہ آور ہورہا ہے ہماری قیادت جھوٹے مقدمات میں عدالت میں پیش ہوتی رہیں ہیں عمران نے صدرکے دفتر کو اکھاڑا بنایا ہوا ہے صدر سے اسمبلی توڑوائی اس پر عدالت کا فیصلہ آگیا عمران خان ایسا لاڈلا ہے جو کسی بھی ادارے کا احترام نہیں کرتا اس شخص نے اقتدار میں رہنے کیلئے سپیکر و ڈپٹی سپیکر اور صدر سے آئین شکنی کرائی دوسروں کوقانون کے نیچے لانے والا خود کوقانون سے بالاتر سمجھتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ کیا آج آئین و قانون کا درس دینے والا بتائے کہ کہاں ہے آئین کہاں ہے قانون کیا کسی کو نظر آرہا ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جب نواز شریف کو پیشی کیلئے بلایا جاتا تو ساتھ وزراء کو روک لیا جاتا تھا مگر آج ایسانہیں ہے۔