اسلام آباد(آن لائن)اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ جب آپ مل کر ہی نہیں بیٹھیں گے تو مسائل حل نہیں ہونگے بلکہ مزید بگڑ جائیں گے،لوکل باڈیز سطح پر مذاکرات انتہائی خوش آئند ہے اور خصوصاً رومینہ خورشید نے جس طرح اقدام اٹھایا یہ لائق تحسین ہے۔ان خیالات کا اظہار اسپیکر قومی اسمبلی نے ایس ڈی جیز کے زیر اہتمام منعقدہ پائیدار ترقی کے اہداف پر قومی مکالمہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ مل کر بیٹھنے سے 80 فیصد مشکلات ختم ہو جاتی ہے،جب مشاورت کریں تو حل بھی نکل آتا ہے، یہی دین کا بھی پیغام ہے، اجتماعی سوچ، اجتماعی دانش سے بڑے سے بڑے مسائل کا حل نکالا جاسکتا ہے، مسائل کا حل اوپر سے نیچے تک مکمل طور پر رابطہ کاری سے ہی ممکن ہے، جمہوریت کا مقصد پارلیمنٹ سے صوبائی اسمبلیاں، ڈسٹرکٹ کونسل اور یونین کونسل تک یہ فوائد پہنچنا چاہیئے،آج آپ نے آپس میں مشاورت کی ہوگی معلوم ہوا ہوگا کہ عام آدمی کے مسائل کیا ہیں۔
Load/Hide Comments



