لاہور (آن لائن) تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ رانا ثناء اللہ فخر سے کہتے ہیں عمران خان کو اٹھائیں گے۔عمران خان کو کمزور کرنا پاکستان کو کمزور کرنے کے مترادف ہیں،چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف مقدمات ختم کیے جائیں۔ تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان ملک کے مقبول ترین لیڈر ہیں،ہمارے لوگوں کو اٹھایا جا رہا ہے،انٹیلی جنس رپورٹ کے مطابق عمران خان پر دوبارہ حملے کا خدشہ ہے۔عمران خان زمان پارک میں بیٹھے ہیں کہیں نہیں جا رہے،موجودہ حکومت نازک آشیانے پر بیٹھی ہے اور حکمران پاکستان میں مارشل لاء لگوانا چاہتے ہیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ قوم پر مہنگائی بم گرایا گیا ہے،170 ارب روپے کے نئے ٹیکس لگائے گئے۔رات کے اندھیرے میں انہوں نے قیمتیں بڑھائیں،حالانکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں 24 فیصد کمی آئی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ حکومت نے ٹوتھ پیسٹ پر بھی سیلز ٹیکس میں اضافہ کیا،پاکستان کو نارتھ کوریا کی طرح بنایا جا رہا ہے،آج عمران خان نے جنرل باجوہ کے اعترافات پر صدر مملکت کو خط لکھا،صدر مملکت سپریم کمانڈر ہیں اور تحقیقات کرنا ان کی ذمہ داری ہے۔رہنما تحریک انصاف نے مزید کہا کہ آج مریم نواز نے شہباز شریف کی سیاست سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے،مریم نواز کہتی ہیں کہ میرا اس حکومت سے کوئی تعلق نہیں،مریم نواز حکومت سے پروٹوکول تو لیتی ہیں مگر کہتی ہیں کہ میرا اس حکومت سے کوئی تعلق نہیں۔ یاد رہے کہ مریم نواز نے ن لیگ یوتھ کے نمائندوں سے ملاقات میں ن لیگ کو موجودہ حالات سے بری الزمہ قرار دینے کی کوشش کی۔ مریم نواز نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اس حکومت کا حصہ نہیں ہوں یہ میری حکومت نہیں،اس حکومت کی کارکردگی ن لیگ پر نہیں ڈالی جا سکتی،عمران خان کا بیانیہ تو بے بنیاد الزامات ہے،ہم تو سچ بولتے ہیں۔
Load/Hide Comments



