اسلام آباد(آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے اگر بلدیاتی الیکشن کے اگلے انتخابی عمل میں تاخیر ہوئی تو پاکستان پیپلزپارٹی احتجاج کا حق رکھتی ہے،کراچی کے عوام کے مینڈیٹ کو تسلیم کیا جائے اور میئر کے انتخابات فوری کرائے جائیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے کراچی الیکشن سیل کے انچارج نجمی عالم اور وزیراعظم کے معاون خصوصی عون چوہدری نے زرداری ہاؤس میں ملاقات کی۔ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری کو صدر ٹاؤن کی یوسی 11 سے چیئرمین کا انتخاب جیتنے والے نجمی عالم نے بلدیاتی انتخابات کی بعد کی صورت حال سے آگاہ کیا گیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کراچی کے عوام کے مینڈیٹ کو تسلیم کیا جائے اور میئر کے انتخابات فوری کرائے جائیں، الیکشن کمیشن جیتے ہوئے امیدواروں کا نوٹی فکیشن فی الفور جاری کرے، کراچی میں مخصوص نشستوں کے انتخابی عمل کو بھی جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر بلدیاتی الیکشن کے اگلے انتخابی عمل میں تاخیر ہوئی تو پاکستان پیپلزپارٹی احتجاج کا حق رکھتی ہے۔ دریں اثناء چیئرمین پی پی پی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے وزیراعظم کے مشیر برائے کھیل و سیاحت عون چوہدری نے زرداری ہاؤس میں ملاقات کی، بلاول بھٹو زرداری کو عون چوہدری نے ملک میں کھیل و سیاحت کے فروغ کے حوالے سے ہونے والے اقدامات سے آگاہ کیا.
Load/Hide Comments



