آئیوری کوسٹ اور پاکستان کے مابین پارلیمانی رابطوں کا فروغ ناگزیر ہیں، پرویز اشرف

اسلام آباد(آن لائن)اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان آئیوری کوسٹ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے،دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی رابطوں کا فروغ ناگزیر ہیں۔آئیوری کوسٹ کے اسپیکر قومی اسمبلی آڈمابکٹوگا کی سربراہی میں پارلیمانی وفد کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس میں اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کی،ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ پاکستان آئیوری کوسٹ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے، آئیوری کوسٹ افریقہ کا ایک اہم ملک ہے، دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی رابطوں کا فروغ ناگزیر ہیں، پاکستان اور آئیوری کوسٹ کے مابین پارلیمانی دوستی گروپ کا قیام ضروری ہے، پارلیمانی رابطوں کے فروغ سے دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ کو ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہونے کا موقع ملے گا۔ انہو ں نے کہا کہ پاکستان بھی آئیوری کوسٹ کی طرح ایک زرعی ملک ہے، پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری میں بے پناہ مواقع موجود ہیں، آئیوری کوسٹ کے پارلیمانی وفد کے دورے سے پاکستان اور آئیوری کے عوام مزید قریب آئیں گے، آئیوری کوسٹ کا دورہ کی دعوت میرے لیے باعث مسرت ہے۔آئیوری کوسٹ کے قومی اسمبلی کے اسپیکر نے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کے آئیوری کوسٹ سے متعلق تاثرات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آئیوری کوسٹ کا پارلیمانی وفد پاکستان کا دورہ کر کہ انتہائی خوشی محسوس کر رہا ہے،پاکستان کے عوام سے بے پناہ محبت اور خلوص ملا ہے، پاکستان میں جفاکش اور محنت کرنے عوام بستے ہیں،پاکستان آمد پر پرتباک استقبال اور محبت کو کبھی نہیں بھولیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کمیونیکیشن کی دنیا میں پاکستان کے خلاف تاثر من گھڑت اور بے بنیاد ہے، پاکستان کا دورہ کر کہ پتا چلا کہ پاکستان ایک عظیم ملک ہے،آئیوری کوسٹ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے،آئیوری کوسٹ ایک زرعی ملک ہے اور اس کی ترقی کا دارومدار زراعت پر منحصر ہے، پارلیمانی رابطوں کا فروغ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آئیوری کوسٹ کے مابین دوستی گروپ کا قیام ایک اہم پیشرفت ثابت ہوگا،آئیوری کوسٹ کے اسپیکر نے اسپیکر قومی اسمبلی کو پارلیمانی وفد کے ہمراہ آئیوری کوسٹ کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔پاکستان اور آئیوری کوسٹ کے مابین پارلیمانی دوستی گروپ کے قیام کے لیے مفاہمت کی یاداشتوں پر دستخط بھی کیئے گئے۔آئیوری کوسٹ کے اسپیکر قومی اسمبلی نے پاکستان کی قومی اسمبلی میں مہمانوں کے لیے رکھی گئی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کیے۔