سب غدار ہیں تو پھر ریاست کے ساتھ کون ہے؟ فواد چودھری

اسلام آباد (آن لائن) رہنما پاکستان تحریک انصاف اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ اگر سب غدار ہیں تو پھر ریاست کے ساتھکون ہے؟ احمقانہ پالیسیوں کے نتیجے میں ماضی میں ملک کو بہت نقصان پہنچا۔اسلام آباد کی مقامی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ میر ی غداری کیس میں پیشی تھی، ابھی تک پولیس چالان پیش نہ کر سکی، چالان پیش کریں تاکہ ہمیں بھی پتہ لگے کہ ہم نے غداری کیا کی ہے، پاکستان میں کچھ ناسمجھ لوگ ہیں جنہیں تاریخ کا نہیں پتہ، ہمارے اوورسیز پاکستانی ان سے کیوں نفرت کرتے ہیں؟رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ آپ نے استعفے منظور کر لئے لیکن الیکشن کرانے پر تیار نہیں، سیاسی مخالفین انتخابات سے بھاگ رہے ہیں، پی ڈی ایم والے کسی مارکیٹ میں کھڑے ہو کر کھانا نہیں کھا سکتے، ان میں عوام کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں، احمقانہ پالیسیوں کے نتیجے میں ماضی میں ملک کو بہت نقصان پہنچا۔انہوں نے کہا کہ اس حکومت نے گرین پاسپورٹ کی عزت ختم کر دی ہے، الیکشن کے لیے یہ لوگ تیار نہیں ہیں، موجودہ حکومت والے سابق وزیرِ اعظم و چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں، الیکشن کمیشن کے اوپر ہم لوگ اربوں روپے خرچ کرتے ہیں، الیکشن کمیشن میں ہائی کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد نہیں ہو رہا۔فواد چودھری کا مزید کہنا تھا کہ اگر الیکشن کمیشن وقت پر الیکشن نہیں کرائے گا تو آئین کی خلافی ورزی کرے گا، ہم جیل بھرو تحریک کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران پاکستان میں نہیں ملیں گے، ہر وقت بیرونی دروں پر ہوتے ہیں، پاکستان کا مذاق بنا دیا گیا ہے، ملک کو بحران کا شکار کردیا گیا، پاکستان کو شہبازشریف اور بلاول کی وجہ سے شرمندگی کا سامنا ہے۔