ملک کے 39 اضلاع میں انسدادِ پولیومہم آج پیرسے شروع ہو گی

اسلام آباد(آن لائن)لاہور میں پولیو وائرس کے کیس کی تصدیق کے بعد ملک کے 39 اضلاع میں انسدادِ پولیو مہم آج 13فروری بروز(پیر) سے شروع ہو گی۔ترجمان محکمہ صحت کے مطابق 60 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤکے قطرے پلائے جائیں گے۔وفاقی وزیرِ صحت عبدالقادرپٹیل کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ خصوصی انسدادِ پولیو مہم 13 تا 17 فروری 9 اضلاع میں چلائے جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ ملک کے 30 اضلاع میں جزوی انسدادِ پولیو مہم چلے گی، پنجاب کے 2 اضلاع لاہور اور فیصل آباد میں بھی مجموعی طور پر مہم چلائی جائے گی۔عبدالقادر پٹیل نے مزید بتایا کہ جنوبی خیبر پختون خوا کے 7 اضلاع میں انسدادِ پولیو مہم چلائی جائے گی، جن میں بنوں، ڈی آئی خان، ٹانک، لکی مروت، شمالی وزیرستان، بالائی اور زیریں جنوبی وزیرستان شامل ہیں۔وفاقی وزیرِ صحت عبدالقادر پٹیل کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملک سے پولیو کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے والدین کا تعاون بے حد ضروری ہے۔