ہم ناکام نہیں ن لیگ ناکام ہورہی ہے، انکی کانپیں ٹانگ رہی ہیں، شاہ محمود

ملتان (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر نائب چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم ناکام نہیں ن لیگ ناکام ہورہی ہے، انکی کانپیں ٹانگ رہی ہیں۔ ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کاغذات کی جانچ پڑتال کیلئے یہاں آیا ہوں، میرے کاغذات جانچ پڑتال کے بعد درست قرار پائے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس کا جو رویہ تھا وہ پورے پاکستان نے دیکھا، این اے 155 الیکشن کمیشن آفس میں توڑ پھوڑ کیمروں میں بھی موجود ہے۔ انہو ں نے کہا کہ ہمارے سابق ایم این اے اور سٹی کے صدر پر دہشت گردی کے پرچے دیے گئے، پولیس نے کس بنیاد پر دہشت گردی کے پرچے کیے، پولیس ضمنی الیکشن پر اثر انداز ہونے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا پنجاب حکومت اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ ہم پر دباو ڈال دیں گے۔ انکا کہنا ہے کہ پولیس نے ناجائز طور پر دہشت گردی کا مقدمہ کیا، رات گئے ہمارے مختلف کارکنان کے گھروں پر چھاپے مارے گئے، پولیس اگر کارکنان کو طلب کرتی وہ پیش ہوجاتے، یہ سب ضمنی انتخابات کو خراب کرنے کی سازش ہے۔