وزیر اعظم کے دورہ ترکیہ کے باعث اے پی سی موخرکر دی گئی

اسلام آباد (آن لائن)دہشت گردی اور دیگر قومی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس موخرکر دی گئی،وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ ترکیہ کے باعث آل پارٹیز کانفرنس مؤخر کر دی گئی،نئی تاریخ کا اعلان اتحادیوں سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا،ذرائع بتایا کہ دہشت گردی اور دیگر قومی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس کا شیڈول ایک بار پھر تبدیل کر دیا گیا، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ ترکیہ کے باعث اے پی سی مؤخر کی گئی ہے،اس سے قبل اے پی سی کی تاریخ 7 فروری سے تبدیل کرکے 9فروری رکھی گئی تھی، وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ اے پی سی کی نئی تاریخ کا اعلان اتحادیوں سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ آج بدھ کو ترکیہ روانہ ہوں گے۔ وزیراعظم تباہ کن زلزلے سے ہونے والے جانی نقصان پر صدر طیب اردوان سے اظہار تعزیت اور افسوس کریں گے۔