وزیراعظم شہبازشریف کا ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کو ٹیلی فون،زلزلے سے تباہی پر اظہار افسوس

اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم شہبازشریف نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کو ٹیلی فون کیا اور ترکہ میں زلزلے سے ہونے والی تباہی پر اظہار افسوس کیا۔وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے ترکیہ کے صدر سے گفتگو میں کہا کہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر بے حد رنجیدہ ہیں۔غمزدہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں۔آزمائش کی اس گھڑی میں پاکستان اپنے بھائی ترکیہ اور اسکے عوام کے ساتھ ہے۔زلزلے کی تباہی سے نمٹنے میں پاکستان ترکیہ کی حکومت اور عوام کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔وزیر اعظم نے کہا موسمیاتی تبدیلیوں کی تباہی کی شدت بڑھ رہی ہے۔قدرتی آفات اور موسمیاتی تباہی کسی سرحد، خطے اور مخصوص قوم تک محدود نہیں۔وزیراعظم نے جاں بحق افراد کی مغفرت، اہل خانہ کے لئے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے ٹیلی فون اور حمایت کرنے پر وزیراعظم شہبازشریف کا شکریہ ادا کیا۔ ترکیہ کے صدر نے وزیراعظم سے گفتگو میں کہا آپ کے اور پاکستانی عوام کے جذبات کی قدر کرتا ہوں۔