اسلام آباد (آن لائن)بھارتی جیل میں بند کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے کہاہے کہ حکومت پاکستان یاسین ملک سمیت جیلوں میں بند حریت قیادت کی رہائی اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مقبوضہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت ختم اور آبادی میں تبدیلی پر نئی قرارداد اورکشمیرانوائے مقرر کیا جائے ، دنیا کا امن کشمیر کے پرامن حل کے ساتھمنسلک ہے، ہندوستان کے اندر سول وار آرہی ہے، بھاری سرمایہ کاریاں بھی اسی سول وار کی نذر ہوجائیں گی۔ وہ جمعہ کو وزارت اطلاعات و نشریات کے ذیلی ادارے ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز (ڈی ای ایم پی) کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے انفارمیشن سروسز اکیڈمی میں منعقدہ ایک روزہ ڈیجیٹل فوٹوگرافک اینڈ پینٹنگ نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ مشعال حسین ملک نے کہا کہ آج کی اس نمائش میں تحریک آزادی کو بہترین انداز میں اجاگر کیا گیا ہے، تصویر دنیا کو اصل حقیقت سے آشنا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں قیامت کا منظر ہے،ہم نے اپنی نئی نسل کو بتانا ہے کہ ہندوستان 75 سالوں سے کشمیریوں پر ظلم کر رہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں مکمل بلیک آؤٹ ہے کوئی ہے ہی نہیں جو ہندوستان کی دہشت گردی کو روکے۔مشعال حسین ملک نے کہا کہ ہندوستان کے اندر اقلیتوں کے ساتھ ظلم ہورہا ہے، گجرات سے متعلق بی بی سی کی ایک رپورٹ بھی سامنے آئی ہے،پتہ نہیں کب ان رپورٹوں پر عمل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے اندر کیمرہ مین، ریسرچ، انسانی حقوق کے علمبرداروں اور میڈیا ہاؤس پر پابندیاں ہیں،یہ پابندیاں دنیا کو کیوں نظر نہیں آرہیں۔ انہوں نے کہا کہ 22 کروڑ پاکستانیوں کی آواز کشمیریوں کے ساتھ ہے اس کے ساتھ ساتھ ساری سیاسی پارٹیوں اور تمام طبقات سے کہتی ہوں کہ یہ جہاد مسلسل ہے،ہم نے تھکنا نہیں ہے،یہ فرض ہم نے ایمانداری سے ساتھ نبھانا ہے۔ اے پی ایچ سی کے راہنما عبدالحمید لون نے کہا کہ حکومت پاکستان اور وزارت اطلاعات کے شکر گزار ہیں جو ہندوستان کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کرتے رہتے ہیں ، پاکستان کشمیریوں کیلازوال رشتے کی پہچان ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر کئی دہائیوں سے اسی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگ آج ایک کرب اور تکلیف میں ہے،بلیک آؤٹ کے بعدہندوستان ہمارے جغرافیہ پر حملہ آور ہوچکا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر ایک تنازعہ کی حیثیت حاصل ہے،ایسے میں ہندوستان کس طرح مقبوضہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو تبدیل کرسکتا ہے؟
Load/Hide Comments



