ایپکس کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے خیبرپختونخوا صوبے کو پْرامن بنائیں گے، فیصل کریم کنڈی

پشاور(آن لائن) وزیرمملکت فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ خیبرپختونخوا صوبے کو پْرامن بنائیں گے، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پڑوسی ممالک سے بات کریں گے، ہم نے پہلے بھی جنگ لڑی اور دوبارہ جنگ لڑنے جا رہے ہیں، عوام کی مدد سے ہم اس جنگ میں کامیاب ہوں گے۔ تفصیل کے مطابق مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا اجلاس میں پاکستان کو دوبارہ امن کا گہوارہ بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، تمام سیکیورٹی فورسز کے نمائندے چھ گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں موجود تھے۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پشاور واقعے کے شہدا کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، دہشتگردوں کیخلاف جنگ کسی فرد یا صوبے کی نہیں پاکستان اور عوام کی جنگ ہے، ہم نے پہلے بھی جنگ لڑی اور دوبارہ جنگ لڑنے جا رہے ہیں، عوام کی مدد سے ہم اس جنگ میں کامیاب ہوں گے، دہشتگری کی روک تھام کیلئے پڑوسی ممالک سے بھی بات کریں گے۔ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ہم سب متحد ہیں انہوں نے کہا کہ اتنا بڑا واقعہ ہوا لیکن پی ٹی آئی کی لیڈر شپ اسپتال نہیں پہنچی،لواحقین سے تعزیت نہیں کی۔انہوں نے کہا دہشت گردی کیخلاف جنگ کی بات کرتے ہیں تو پی ٹی آئی کو تکلیف ہوتی ہے۔فیصل کریم کنڈی نے تحریک انصاف کے قائدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ پاکستان کے ساتھ سنجیدہ ہیں تو اے پی سی میں شرکت کریں، اگر پی ٹی آئی نہیں آئے گی تو پھر واضح ہو جائے گا کہ پی ٹی آئی کس کے ساتھ ہے۔