اسلام آباد(آن لائن) وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ ہمیں حق اورسچ بولنے والے پاکستانی صحافیوں پر فخر ہے،اردو صحافت نے قیام اور استحکام پاکستان میں اہم کردار ادا کیا ہے،پاکستانی صحافت نے ملک میں سخت ترین آمرانہ ادوار کا بھی ڈٹ کر مقابلہ کیا، پاکستان کو اس وقت معاشی مشکلات اور دہشت گردی جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے،ہمیں متحد ہوکر آگے بڑھنا ہوگا۔ اسلام آباد میں پہلے قومی ورثہ ثقافت ڈویژن کے زیر انتظام ایک روزہ بین الاقوامی صحافت کانفرنس سے خطاب اور میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ اردو صحافت نے قیام اور استحکام پاکستان میں اہم کردار ادا کیا، ہمیں حق اور سچ بولنے والے پاکستانی صحافیوں پر فخر ہیں جنہوں نے ہر نامساعد حالات میں عوام کو اپنے قلم اور الفاظ کے ذریعے حقائق سے آگاہ کیا۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ صحافت میں سنی سنائی باتوں یا پھر دشمن قوت کے پراپیگنڈے کا شکار ہو کر اپنے ہی ملک کے سیکورٹی اداروں کو بغیر کسی ثبوت ہدف تنقید بنانے ہرگز ملکی مفاد میں نہیں۔انھوں نے کہا کہ پاکستانی صحافت نے ملک میں سخت ترین آمرانہ ادوار کا بھی ڈٹ کر مقابلہ کیا۔انسانی حقوق کے تحفظ،جمہوریت کے فروغ، معاشی ناانصافیوں کے خلاف آواز اٹھانے میں اردو صحافت کا بنیادی کردار رہا ہے۔ امیر مقام نے کہا ہے کہ پاکستان کو اس وقت معاشی مشکلات اور دہشت گردی جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، جن سے نمٹنے کے لئے ہمیں بحیثیت قوم متحد ہو کر ا?گے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک خصوصا خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کی لہر نے دوبارہ سر اٹھا یا ہے ایسے میں سیاسی فوائد کے لئے ایک دوسرے پر الزام تراشی کی بجائے پوری قوم کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ اس سے قبل کانفرنس سے افتخار عارف، مجیب الرحمن شامی، سہیل وڑائچ اور خالد عظیم سمیت اردو ادب کے نامور شعراء، ادیبوں اور سینئر صحافیوں نے براہ راست اور دوسرے شہروں سے ویڈیو لنک کے ذریعے اظہار خیال کیا۔ انھوں نے اردو صحافت کے ارتقاء، ترقی اور درپیش چیلنجز پر اپنا اپنا نکتہ نظر پیش کیا۔ کانفرنس کے موقع پر اسلام آبادکے ایچ ایٹ سیکٹر میں کتب میلے کا بھی اہتمام کیا گیا جس کا وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے افتتاح کیا۔ میلے میں اردو، انگریزی اور علاقائی زبانوں میں مختلف موضاعات پر لکھی گئیں سینکڑوں کتب رکھی گئیں۔
Load/Hide Comments



