چاغی (آن لائن)چاغی میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد یقینی بناکر سی پیک منصوبوں کی سیکیورٹی اور سرحد پار آمد و رفت کی کڑی نگرانی سخت کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ یہ فیصلے ڈپٹی کمشنر چاغی حسین جان بلوچ کے زیر صدارت ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کوآرڈینیشن کمیٹی میں کیے گئے جس میں ڈی پی او چاغی انور بادینی، اسسٹنٹ کمشنر دالبندین محمد عبدالباسط بزدار، اسسٹنٹ کمشنر تفتان بلال شبیر، فرنٹیئر کور، فوج اور خفیہ ایجنسیوں کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف امور پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت دہشتگرد تنظیموں کے خلاف کارروائیوں، منافرت کی روک تھام اور سرحدی آمد و رفت پر کڑی نگرانی پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں مجموعی امن و امان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کرتے ہوئے ڈکیتی چوری اور جرائم کی دیگر وارداتوں کی تدارک کے لیے بھی لائحہ عمل طے کرکے اشتہاری اور مفرور ملزمان کی گرفتاری کا عمل تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس موقع پر کشمیر ڈے کی تقریبات کی سیکیورٹی بھی سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ آنے والے جنرل الیکشن کے 90 پولنگ اسٹیشنز میں سے انتہائی حساس اور حساس پولنگ اسٹیشنز کی نشاندہی کرکے الیکشن کمیشن کو آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع چاغی میں ساتویں ڈیجیٹل مردم و خانہ شماری کے سلسلے 36 بلاکس انتہائی حساس جبکہ 120 بلاکس حساس ہیں جو کہ بی ایریا میں واقع ہیں۔ اس موقع پر ان بلاکس میں خانہ و مردم شماری کے دوران سیکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کا طریقہ کار طے کیا گیا۔ اجلاس میں فورتھ شیڈول کے لسٹ اور اس میں موجود مشتبہ افراد کی نگرانی کا جائزہ لیا گیا اس موقع پر شرکا کو بتایا گیا کہ مکمل جانچ پڑتال اور تسلی بخش نگرانی کے بعد اس لسٹ میں موجود دو افراد شوکت علی اور عطا اللہ کا نام لسٹ سے خارج کرنے کی سفارش وزارتِ داخلہ کو بھیج دی گئی ہے.
Load/Hide Comments



