شیری رحمان نے چیئرمین پی ٹی آئی اے 10 سوالوں کے جواب مانگ لئے

اسلام آباد (آ ن لائن)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے چیئرمین تحریک انصاف سے 10 سوالوں کے جواب مانگ لئے اور کہا کہ عمران خان عوام کو یقین دلانے کی کوشش کر رہے کہ وہ دہشتگردی اور مہنگائی کا ذمہ دار نہیں،عمران خان ہر بار دوسروں پر ذمہ داری ڈال کر بری الذمہ نہیں ہو سکتے،جمعرات کے روز اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر شیری رحمان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو قوم کے 10 سوالوں کے جوابات دینے ہونگے، اسامہ بن لادن کو شہید کس نے کہا؟ دہشتگردوں سے مذاکرات کس نے کئے؟ سزا یافتہ دہشتگردوں کو صدارتی معافی کس نے دلوائی؟ دہشتگردروں کو کس مقصد کیلئے صدارتی معافی اور رہائی دی گئی؟ کیا سزا یافتہ دہشتگردوں کی رہائی کے حوالے سے پارلیمان کو اعتماد میں لیا گیا؟ ملک میں دہشتگردوں کے دفتر کھولنے کا خواہشمند کون تھا؟ 30 سے 40 ہزار جنگجوؤں کی پاکستان میں آبادکاری کون کرنا چاہتا تھا؟ کیا ان جنگجوؤں کو پاکستان میں آباد کرنے کی اجازت پارلیمان سے لی گئی تھی؟ اگر نہیں، تو کیا انکو ملک میں آباد کرنے کا فیصلہ عمران خان کی ذاتی تھا؟ تحریک انصاف حکومت کی جانب سے دہشتگردوں کو رعایتیں دینے کے باوجود دہشتگردی کے واقعات میں تشویشناک اضافہ کیوں ہوا؟ شیری رحمان کا کہنا تھا کہ ملک نے 70 ہزار سے زائد شہادتیں دی ہیں،آپ کی بدترین حکومت سے پہلے ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہو چکا تھا،عمران خان کہتے ہیں وہ جواب دہ نہیں، ان کی حکومت سے پہلے حکمرانی کرنے والے ذمہ دار ہیں،اب آپ یہ نہیں کہہ سکتے کہ میں جوابدہ نہیں ہوں۔