لاہور (آن لائن) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پشاور پولیس لائنز مسجد دھماکا وفاقی و صوبائی حکومتوں اور سیکیورٹی اداروں کی ناکامی ہے۔ نیشنل سیکیورٹی کونسل نے گزشتہ عرصے میں جو فیصلے کیے عملدرآمد نہیں ہوا۔ عوام کی جان و مال، عزت و آبرو کی حفاظت حکومت کی آئینی ذمہ داری اور حلف کا تقاضا ہے، یہ ذمہ داری پوری نہیں ہوتی تو حکمران ناکامی کا اعتراف کریں اور گھر چلے جائیں۔ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے دورہ روس سے قبل اعلان کیا کہ وہ ماسکو سے مسئلہ افغانستان پر بات کریں گے، ان سے کہنا چاہتا ہوں افغانستان والے اپنے ملک کو سنبھال لیں گے، یہ ان کی ذمہ داری ہے،آپ اپنی فکر کریں۔ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کرسی اور مفادات کے لیے برسرپیکار ہیں، سیاسی پارٹیاں آپس میں لڑنے کی بجائے ملک پر توجہ دیں اور عوام کا سوچیں۔ حکمرانوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ قوم مزید انھیں برداشت نہیں کر سکتی، وہ وقت قریب ہے جب لوگوں کا ہاتھ نااہل حکمرانوں کے گریبانوں میں ہو گا۔ حکومت نے عوام کا جینا حرام کر دیا، لوگ ایک طرف ایک لیٹر پٹرول اور چند کلو آٹا خریدنے کی سکت نہیں رکھتے، دوسری جانب بدامنی کی چکی میں پس رہے ہیں۔ قوم جاننا چاہتی ہے کہ مرکزی اور صوبے کی نگران حکومت کے پاس خیبرپختونخوا کو بدامنی سے بچانے کے لیے کیا منصوبہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں دھماکا کے زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت نے زخمیوں کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ انھوں نے شہدا کی درجات کی بلندی کے لیے بھی دعا کی اور لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا۔ انھوں نے اعلان کیا کہ الخدمت فاؤنڈیشن شہدا کے بچوں کی تعلیمی کفالت کرے گی۔ امیر جماعت نے خیبرپختونخوا پولیس کو دہشت گردی کا مقابلہ کرنے، لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ڈاکٹرز اور عملہ اور الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکاران کو دھماکا کے فوری بعد بہترین خدمات سرانجام دینے پر خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم شہدا کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
Load/Hide Comments



